ڈیرہ غازیخان بس حادثہ،وزیراعلیٰ کا مالی اعانت کا اعلان

0
38

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے لئے 2 کروڑ روپے مالی امداد کا اعلان کر دیا

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے واقعہ میں غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لئے وزیراعلی معائنہ ٹیم کو انکوائری کا حکم دیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مالی امدادکے چیک آج ہی جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں میں تقسیم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کمشنر ڈیرہ غازی خان اورڈپٹی کمشنرز کو مالی امداد کے چیک آج تقسیم کرنے کے لئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور زخمی افراد کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ عید پر جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔المناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اور رنج ہوا ہے۔ افسوسناک واقعہ میں جن کے پیارے دنیا سے چلے گئے ان کا غم کوئی اور نہیں جانتا۔ ہم غمزدہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی رکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی کی جائے گی۔ جس کی بھی مجرمانہ غفلت سے 30 سے زائد معصوم مسافروں کی جانیں گئیں، اس کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی ہو گی۔

Leave a reply