ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر جواد اکبر) پل شوریا، جامپور روڈ نزد ٹول پلازہ پر اس وقت خطرے کی گھنٹی بجی جب ایک ایل پی جی کیپسول سے گیس کا شدید اخراج شروع ہو گیا۔ گیس لیکج کسی بھی لمحے خوفناک دھماکے میں تبدیل ہو سکتی تھی، تاہم ریسکیو 1122 ڈیرہ غازی خان نے برق رفتاری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ممکنہ تباہی کو ٹال دیا۔
کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی فوری ردعمل دیتے ہوئے دو فائر وہیکلز (KCF&R-01، DGF-01) اور ایک ریسکیو وہیکل جائے وقوعہ کی جانب روانہ کی گئیں، جو صرف 13 منٹ میں موقع پر پہنچ گئیں۔ ٹیم نے حفاظتی اقدامات کے تحت فوری آپریشن کا آغاز کیا اور گیس کے پھیلاؤ کو محدود کرتے ہوئے علاقے کو محفوظ بنانے کی کوششیں شروع کر دیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جناب احمد کمال خود موقع پر موجود رہے اور پورے ریسکیو آپریشن کی براہ راست نگرانی کی۔ ان کی قیادت میں ریسکیو ٹیم نے نہ صرف جائے وقوعہ کو کلیئر کیا بلکہ اطراف کے علاقے سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ کسی بھی ممکنہ دھماکے سے بچاؤ کے لیے ہنگامی اقدامات کیے گئے، جس سے بڑی انسانی و مالی تباہی سے بچا جا سکا۔
ریسکیو 1122 کے اس بروقت اور مؤثر رسپانس پر احمد کمال، اسسٹنٹ کمشنر تیمور عثمان، اور سی ڈی او عمران مہدی کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ شہریوں اور سماجی حلقوں نے ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ریسکیو 1122 تاخیر سے پہنچتی تو حالات انتہائی خطرناک ہو سکتے تھے۔
شہریوں نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ویلڈن ریسکیو 1122 ڈیرہ غازی خان آپ نے ثابت کر دیا کہ مستعدی، مہارت اور جذبے سے کسی بھی بڑے سانحے کو روکا جا سکتا ہے۔