دیو سائی میدان کتنا بڑا ہے؟ سفر بلتستان ندیم اعوان کے قلم سے

0
55

دیو سائی میدان کتنا بڑا ہے؟ سفر بلتستان ندیم اعوان کے قلم سے

بچپن میں پریوں اور دیو کی کہانیاں پڑھا کرتے تھے۔ اندازہ تھا دیو بہت بڑی جسامت کا ہوتا ہے۔

یہ اندازہ دیو سائی کا بھی تھا کہ یہ دنیا کی چھت ہے اور بہت بڑا میدان ہے۔ مگر کتنا بڑا؟؟؟

چلم چوکی کراس کرنے کے بعد جب دیو سائی پہنچے تو سب سے پہلا سوال یہی ذھن میں آیا۔

گاڑی میں یہی موضوع شروع ہوگیا
کتنا ایکڑ ہوگا؟
سینکڑوں ایکٹر ہوگا اسی لیے تو امریکا کی اس پر نظر ہے۔
گاڑی کا میٹر دیکھیں سفر کے اختتام پر کلو میٹر نکل آئیں گے۔
مگر بھیا ہم تو ایک سیدھ میں سفر کررہے ہیں اس کا پھیلاو بھی تو بہت ہے۔
اندازہ کریں اگر اسٹیڈیم بنایا جائے سو اسٹیڈیم بن جائیں گے۔
جانے دو بھائی سو تو کچھ بھی نہیں یہ تو بہت بڑا ہے

کتنا بڑا؟ اس سوال کا جواب تو گوگل چاچا سے ہی مل سکتا ہے مگر اس وقت سگنل ندارد۔

دماغ میں اٹکے سوال کے ساتھ سفر جاری تھا اور دیو سائی کا حسن آنکھوں میں سمو رہے تھے۔

سطح سمندر سے 13500 فٹ بلندی پر جہاں درخت ختم ہوجاتے ہیں اور سال کے 8 ماہ برف رہتی ہے۔ قدرت کا حسین شہکار ہے۔


یہاں کا موسم بے ایمان ہے۔ اچانک بدل جاتا ہے۔ آسمان پر تیرتے بادل مصور کائنات کی حمد بیان کرنے پر مجبور کردیتے ہیں۔

اسکردو پہنچ کر سگنل کیا آئے سمجھیں جان میں جان آئی۔ موبائل پر سرچنگ شروع کی۔ دیو سائی کا رقبہ 3 ہزار مربع کلو میٹر سامنے آیا۔

اسلام آباد 220، پشاور 215، راولپنڈی 259، ملتان 286، فیصل آباد 1300، لاہور 1772 مربع کلو میٹر ہیں۔

پاکستان کاصرف ایک شہر کراچی دیو سائی سے بڑا ہے جس کا رقبہ 3780 مربع کلو میٹر ہے۔

تو ہم سمجھانے کے لیے کہ سکتے ہیں دیو سائی تقریبا کراچی کے برابر ہے۔ اب کراچی والے ذرا تخیلات میں کھو کر گلشن حدید سے یوسف گوٹھ اور کیماڑی سے سرجانی ٹاون کا سفر کریں۔ ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، کھڈے اور بارش کے پانی سے گزر کر خود کو دیو سائی پر محسوس کریں

Leave a reply