ڈیرہ غازی خان: عدالتی حکم کے باوجود پریس کلب کی بندش، توہین عدالت کی درخواست دائر

ڈیرہ غازی خان (نامہ نگار) ڈیرہ غازی خان میونسپل کارپوریشن کی مبینہ نااہلی کے خلاف عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ سول جج یعقوب علیانی نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

صدر پریس کلب ڈیرہ غازی خان شیر افگن بزدار کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن نے عدالتی حکم کے باوجود پریس کلب کو ڈی سیل نہیں کیا بلکہ اس پر تین شفٹوں میں پولیس کا پہرہ لگا دیا گیا ہے جو عدالت کے حکم کی واضح توہین ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالتی بیلف کے ذریعے پریس کلب کو فوری طور پر ڈی سیل کیا جائے۔

صدر پریس کلب اور صدر انجمن صحافیان غلام مصطفی لاشاری نے اس معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پریس کلب صحافیوں کا مرکز اور مظلوم طبقے کی آواز ہے۔ پریس کلب کی بندش سے نہ صرف صحافتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ ڈیرہ غازی خان کی انتظامیہ کی ہٹ دھرمی سے ملک بھر میں ایک منفی تاثر بھی پیدا ہو رہا ہے۔

انہوں نے میونسپل کارپوریشن اور انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ عدالتی حکم پر عمل کرتے ہوئے پریس کلب کو فوری طور پر کھولنے کے اقدامات کریں تاکہ صحافی اپنی ذمہ داریاں بہتر طریقے سے ادا کر سکیں۔

Comments are closed.