ڈیرہ غازیخان میں قتل کا معاملہ ڈکیتی نکلا ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا

0
24

ڈیرہ غازیخان کے تھانہ شاہصدر دین کی حدود میں اندھا قتل ٹریس کر لیا گیا۔ قتل کا معاملہ ڈکیتی نکلا ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا اور ایک کار برآمد کر لی گئی۔ ڈی ایس پی سرکل صدر ناصر علی ثاقب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس تھانہ شاہصدر دین کو مدعی مقدمہ نے درخواست دی کہ میرے بھائی نصر اللہ کو کار سمیت نامعلوم ملزمان نے اغواء کر لیا ہے جس پر تھانہ شاہصدر دین میں مقدمہ درج ہوا۔ ڈی پی او عمر سعید ملک کی خصوصی ہدایت پر ٹیمیں تشکیل دی گئیں جو کہ ایس پی انوسٹی گیشن حسن جاوید بھٹی کی زیر نگرانی اور ڈی ایس پی صدر ناصر علی ثاقب، ایس ایچ او تھانہ شاہصدر دین کلیم اللہ گاڈی اور تفتیشی آفیسر خدابخش کی بہترین کاوشوں اور جدید طریقہ تفتیش سے نہ صرف ملزمان کو ٹریس آؤٹ کیا بلکہ ان کے قبضہ سے آلہ قتل اور ڈکیتی شدہ کار بھی برآمد کرلی گئی۔ ڈی ایس پی نے مزید بتایا کہ نصر اللہ کے قتل میں ملوث ملزمان محمد وقاص ولد سعید احمد قوم گشکوری سکنہ قصبہ گجرات، اللہ بخش ولد غلام حسن قوم سندیلہ موضع مرہٹہ اور شریفاں بی بی زوجہ غلام عباس قوم گاڈی سکنہ بیٹ نہڑکی کو گرفتار کر لیا دوران انٹروگیشن ملزمان نے بتایا کہ انہوں نے نصراللہ کو ملزمہ شریفاں بی بی سے فون کرا کے بلوایا جب نصراللہ شریفاں بی بی کے گھر کے نزدیک پہنچا تو ہم نے حملہ کر کے نصر اللہ کو قتل کر دیا اور نعش کو فصل میں پھینک کر کار اپنے ساتھ لے گئے۔ ڈی ایس پی کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والے ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ڈی پی او عمر سعید ملک کے ویژن کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس بھر پور کاروائیاں جاری رکھے گی۔

Leave a reply