ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان) اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر نذر حسین کورائی نے ضلع بھر میں صحت و خوراک کے نظام کی بہتری کے لیے متعدد کارروائیاں کیں۔ آر ایچ سی کالا کے دورے کے دوران انہوں نے اسٹاف کی حاضری ڈیوٹی روسٹر کے مطابق چیک کی، مریضوں کی عیادت کی اور مفت فراہم کی جانے والی ادویات و دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال میں صفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری بہتری کی ہدایات جاری کیں۔
دریں اثنا نذر حسین کورائی نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ہمراہ شاہ صدر دین، ریتڑہ اور دیگر علاقوں میں غیر معیاری خوراک کی تیاری و فروخت کے خلاف سخت کارروائیاں کیں۔ ریتڑہ میں حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر ایک چھوٹی بسکٹ فیکٹری کو سیل کر دیا گیا جبکہ دو بیکریوں اور ایک کریانہ سٹور کو بھاری جرمانے کیے گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ شہریوں کو معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور ایسی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔
انہوں نے پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت ناجائز منافع خوروں کے خلاف بھی سخت ایکشن کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اشیائے خورونوش کی سرکاری نرخوں پر فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔