ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) ضلع ڈیرہ غازی خان میں غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کو این او سی کے بغیر کام کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ این او سی کی تجدید کے لیے ایک ماہ کی مہلت دی گئی ہے۔
یہ اعلان ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے این جی اوز کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مفادِ عامہ کے منصوبوں کے لیے این جی اوز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، تاہم کسی بھی منصوبے کے آغاز سے قبل انتظامیہ کو مکمل آگاہی دینا لازم ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ تمام این جی اوز کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا، اور ان کے سربراہان کو ہر اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ باہمی مشاورت سے علاقے کی ترقی اور عوامی مسائل کو بہتر انداز میں حل کیا جا سکے۔
محمد عثمان خالد نے کہا کہ حکومت تنہا تمام مسائل کا حل نہیں نکال سکتی، لہٰذا این جی اوز حکومت کے شانہ بشانہ کام کریں تاکہ فلاحی منصوبے مؤثر اور نتیجہ خیز ثابت ہو سکیں۔
یہ اقدامات علاقے میں شفافیت، منصوبوں کی مؤثریت اور عوامی بہبود کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔