ڈیرہ غازی خان میں یوم آزادی کا شاندار جشن منایاجارہاہے
ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی سٹی رپورٹرجواداکبر) پاکستان کے 77ویں یوم آزادی کا ڈیرہ غازی خان میں شاندار انداز میں جشن منایا گیا۔ شہر کے مرکزی مقام کالج چوک پر منعقدہ ایک شاندار تقریب میں شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے کریم بخش، سی او ایم سی مسرت عباس سمیت دیگر اعلیٰ حکام اور سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی۔ رات 11 بج کر 48 منٹ پر قومی ترانے کے ساتھ جشن کا آغاز ہوا جس کے بعد شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
مرکزی تقریب کمشنر آفس ڈیرہ غازی خان میں منعقد ہوئی جس میں کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر، آر پی او سجاد حسن خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام اور سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ بعد ازاں کمشنر نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور قومی ترانہ بجا کر یوم آزادی کا آغاز کیا۔
کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں یوم آزادی کو شایان شان انداز میں مناتی ہیں۔انہوں نے تحریک آزادی میں شہداء کی قربانیوں کو یاد کیا اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے عوام سے اتحاد کا مطالبہ کیا۔
آر پی او سجاد حسن خان نے ملک کی سالمیت اور استحکام کے لیے عوام کو متحد ہونے کا پیغام دیا۔
ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے ملک کو مضبوط بنانے کا عہد کیا۔
ایم پی اے محمد حنیف خان پتافی نے نئی نسل کو آباؤ اجداد کی قربانیوں سے آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی اور ترقی کے لیے دعا کی گئی۔