ڈیرہ غازی خان : کسانوں کا احتجاج،محکمہ انہار کی ملی بھگت سے پانی چوری

ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواداکبر)ڈیرہ غازی خان کے علاقے میں کسانوں نے محکمہ انہار کی ملی بھگت سے پانی کی چوری کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ سلطان مائنر ڈسٹری پر سرعام پانی چوری کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے کروڑوں روپے کی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں اور رقبہ جات بنجر ہو رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق درخواست جمال خان غربی نمبر 2 کے متاثرہ کسانوں نے چیف ایریگیشن آفس کے سامنے جمع ہو کر مظاہرہ کیا۔ جماعت اسلامی یوتھ کے صدر واحد بخش کورائی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلطان مائنر ڈسٹری جو داجل کینال سے علیحدہ ہو کر زرعی رقبہ جات سیراب کرتی ہے، ہم ٹیل کے زمیندار ہیں اور گذشتہ کافی عرصے سے سلطان مائنر کے ٹاپ کے زمینداروں نے محکمہ انہار کے عملہ سے ساز باز ہو کر موگہ جات کو غیر قانونی طور پر توڑ کر کھلا کر رکھا ہے۔ مائنر کے پشتے توڑ کر سر عام پانی چوری کیا جا رہا ہے اور پیٹر پمپ بھی لگائے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے پانی ٹیل تک نہیں پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کروڑوں روپے کی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ گورنمنٹ ریکارڈ کے مطابق منظور شدہ ڈسٹری سلطان مائنر کے موگہ جات بنائے جائیں۔ انہوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو وہ کمشنر آفس کا گھیراؤ کریں گے۔

مظاہرین میں حاجی رحیم بخش، محمد اشفاق، فیاض احمد، محمد ظفر، حاجی اللہ بخش، محمد شملہ، ریاض احمد اور محمد قیصر شامل تھے۔

Leave a reply