ڈی آئی خان :قتل کابدلہ ،دو بھائیوں نے مخالف کو گولیاں مارکرہلاک کرڈالا،موٹرسائیکل مکینک زد میں آکر جاں بحق

crime

ڈیرہ اسماعیل خان،باغی ٹی وی (نامہ نگاراحمدنوازمغل)پوٹہ اڈا پرقتل کابدلہ لینے کیلئے دو موٹرسائیکل سوار بھائیوں کی مخالف پر فائرنگ، مخالف موقع پر جاں بحق جبکہ قریبی موٹرسائیکل مکینک دکاندار بھی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا، صدر پولیس نے دونوں ملزمان کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔

تھانہ صدر میں طاہر آباد پوٹہ کے رہائشی 60سالہ حافظ محمد ہارون قریشی نے قتل کی دفعہ کے تحت رپورٹ درج کرائی ہے کہ میرا بھتیجا محمد 42سالہ حافظ محمد ادریس ولد حافظ محمد طاہر اڈا پر پوٹہ پر واقع اپنی موٹرسائیکل مکینک کی دکان میں موجود تھا اور 39 سالہ عبدالقیوم ولد عبدالغفار سکنہ لونی حال پوٹہ اس کی دکان کے سامنے کھڑا تھا،

اسی دوران عجب خان ، ریحان ولد نعیم قوم شے زئی سکنہ لونی موٹرسائیکلوں پر آئے جن کی عبدالقیوم کیساتھ قتل مقاتلے کی دشمنی چلی آرہی تھی ، عبدالقیوم پر فائرنگ کردی، فائرنگ سے عبدالقیوم موقع پر جاں بحق جبکہ میرا بھتیجا جو دکان میں موجود تھا بھی زخمی ہوگیا، جس کو ہسپتال لے جایاجارہاتھا کہ اس نے راستے میں دم توڑ دیا، ہماری کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے، جبکہ مقتول عبدالقیوم کی ملزمان کے ساتھ قتل مقاتلے کی دشمنی چلی آرہی ہے،

واقعہ کی اطلاع پر صدر پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں ملزمان کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔

Comments are closed.