لاہور :ہنی ٹائپ کے ذریعے بلیک میل کرنے والے گینگ کے خواتین سمیت 8 ملزمان گرفتار

0
80
lahore police

لاہور : پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ہنی ٹریپ کے ذریعے لوگوں کو بلیک میل کرنے والے بین الاضلاعی گینگ کو بے نقاب کر لیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر کی ہدایت پر ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن مغیث احمد ہاشمی کی سربراہی میں انچارج SSOIU اقبال ٹاؤن ڈویژن محمد صفدر نے بڑی کارروائی کی۔کارروائی کے دوران، ہنی ٹریپ کے ذریعے لوگوں کو بلیک میل کر کے رقم ہتھیانے والے بین الاضلاعی گینگ کے 8 ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ گرفتار ملزمان میں عقیل، آصف، اشرف، اور عظیم شامل ہیں جبکہ گرفتار خواتین ملزمان میں عروج، کومل، عابدہ بی بی اور شمیم بی بی شامل ہیں۔
ایس پی انویسٹی گیشن مغیث احمد ہاشمی نے بتایا کہ خواتین ملزمان موبائل فون کے ذریعے امیر لوگوں کو اپنے جال میں پھنساتی تھیں اور پھر مخصوص مقام پر بلا کر، ان کے ساتھ نازیبا ویڈیوز بناتی تھیں۔ اس کے بعد ساتھی ملزمان گن پوائنٹ پر لوگوں کی ویڈیوز بنا کر نقدی، موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان چھین لیتے تھے۔ملزمان متاثرہ افراد سے فون کروا کر ان کے عزیز و اقارب سے رقم بھی منگواتے اور اپنے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کر لیتے تھے۔ اس کے علاوہ، ملزمان متاثرہ شخص کے خلاف زناکاری کی ایف آئی آر بھی درج کروا دیتے تاکہ مزید رقم ہتھیا سکیں۔انچارج SSOIU محمد صفدر نے بتایا کہ ملزمان سے شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز، نقدی اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ ملزمان کا سابقہ ریکارڈ بھی چیک کیا گیا اور اس نوعیت کی متعدد وارداتوں کا انکشاف ہوا ہے۔
ایس پی انویسٹی گیشن مغیث احمد ہاشمی نے کہا کہ گرفتار ملزمان کا مضبوط چالان مرتب کر کے انہیں قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس ہمہ وقت عوام کی خدمت کے لیے کوشاں ہے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد کا اعلان کیا۔

Leave a reply