ڈیجیٹل ڈپلومیسی جدید دور کا تقاضا، اہمیت بھی بہت زیادہ : وزیر خارجہ کا افتتاحی تقریب سے خطاب

0
25

اسلام آباد: ڈیجیٹل ڈپلومیسی جدید دور کا تقاضا، اہمیت بھی بہت زیادہ : وزیر خارجہ کا افتتاحی تقریب سے خطاب،اطلاعات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ یہ حقیقت ہے کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے۔ ڈیجیٹل ڈپلومیسی بھی جدید دور کا تقاضا ہے، جس کی اہمیت روز بروز بڑھ رہی ہے۔

میڈیا سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج کل تو فیک نیوز کی بہار اور بریکنگ نیوز کا زمانہ ہے۔ سوشل میڈیا کے ہمارے نظام زندگی پر واضح اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ آج کل خبر کو پڑھنے کے لیے بھی مہلت نہیں دی جاتی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملکی تشخص اجاگر کرنے کے لیے خارجہ پالیسی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ کسی بھی ملک میں دفتر خارجہ اور وزارت اطلاعات کا چولی دامن کا ساتھ ہوتا ہے۔ وزارت خارجہ کا بدلتے تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے بڑی چالاکی کے ساتھ کشمیر کی جدوجہد اور اس کے بیانیے کو نائن الیون کے بعد دہشتگردی سے جوڑ دیا۔ نہتے کشمیری شہید ہو رہے ہیں اور دہشت گردی کا الزام بھی انہی پر لگ رہا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پانچ اگست کے اقدامات سے کشمیر کا مسئلہ مزید اجاگر ہوا۔ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان اپنے بیانیے میں کامیاب ہوا اور بھارتی موقف کو شکست دی۔ بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باعث نہتے کشمیری سفاکانہ مظالم کا نشانہ بن رہے ہیں۔ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور ڈبل لاک ڈاؤن ہے۔ یورپی یونین اور امریکی کانگریس بھی بھارت پر تنقید کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کو شکست دی۔ دنیا پہلے پاکستان پر انگلیاں اٹھاتی تھی، آج اس کی قربانیوں کو سراہتی ہے۔ امریکا پہلے تنقید کرتا تھا لیکن آج اس کے بیانیے میں بھی بہت فرق ہے۔ افغان امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو دنیا نے سراہا۔

Leave a reply