ڈی آئی خان :محکمہ فوڈ،منتخب نمائندوں اور بااثر آٹا ڈیلرز کی ملی بھگت سے آٹا بلیک میں فروخت ہونے لگا

ڈیرہ اسماعیل خان،باغی ٹی وی(نامہ نگار) محکمہ فوڈ ڈیرہ،’منتخب نمائندوں اور بااثر آٹا ڈیلرز کی ملی بھگت سے آٹا بلیک میں فروخت ہونے لگا ، آٹے کی بندر بانٹ کی وجہ سے آٹے کا بحران شدت اختیار کر گیا،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد قیصر خان سے آٹا ڈیلرز کی دوبارہ میرٹ کی بنیاد پر لسٹیں مرتب کرنے کا مطالبہ ۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان اور اس کے مضافات میں صوبائی حکومت کی جانب سے سبسڈائزڈ آٹے کی تقسیم میں محکمہ فوڈ ڈیرہ ‘منتخب نمائندوں اور بااثرآٹا ڈیلرز کی ملی بھگت سے آٹا بلیک میں فروخت ہونے لگا ۔محکمہ فوڈ ڈیرہ کے اہلکار اور افسران منتخب نمائندوں کے چہیتے اور بااثرآٹاڈیلرز اس صورتحال میں بہتی گنگا میں ہاتھ دھو رہے ہیں،علاقہ میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرچکاہے۔سیاسی جماعتوں اور منتخب ممبران اسمبلی کے مقرر کردہ نمائندے اس صورتحال میں آٹا کھلے عام بلیک کررہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کا کردار سوالیہ نشان بن کر رہ گیا ہے۔روزانہ کی بنیاد پر آٹا ڈیلرز اور د کانوں پر فراہم کیا جانے والا آٹا بلیک میں کھلے عام فروخت ہو رہاہے جبکہ اصل حقدار آٹے کے حصول کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں۔عوامی’سماجی اور تجارتی حلقوں نے محکمہ فوڈ ‘منتخب نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بنائی گئی آٹا ڈیلرز کی فہرستوں کو مستردکرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد قیصر خان اور سیکرٹری فوڈ خیبرپختونخواہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹاڈیلرز کی مرتب کردہ لسٹوں اور ٹرکوں کے ذریعے آٹے کی تقسیم کی لسٹوں کو از سرنو مرتب کیا جائے اور آٹے کی کھلے عام تقسیم کی جائے تاکہ غریب عوام کو آٹے کی فراہمی ممکن ہوسکے اورآٹے کے بحران پر قابو پایا جاسکے ۔

Leave a reply