میرپور ماتھیلو ،باغی ٹی وی(نامہ نگارمشتاق لغاری) گھوٹکی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دو دن قبل اغوا ہونے والے فدا حسین ولد بھادر چاچڑ کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔
ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی ہدایت پر پولیس نے اہم مقامات پر نگرانی بڑھائی، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او آندل سندرانی محمد اسلم چاچڑ کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ اغوا کار مغوی کو منتقل کرنے والے ہیں۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لڈھڑ بیلو کچے کے علاقے میں چھاپہ مارا، جہاں اغوا کاروں نے گرفتاری کے خوف سے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ کی، جس پر اغوا کار مغوی کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
پولیس نے مغوی کو بحفاظت بازیاب کروا کر قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا۔ بازیاب ہونے والے فدا حسین نے بتایا کہ اسے دو روز قبل قادر پور کے قریب سی پیک روٹ سے اغوا کیا گیا تھا۔