آئی ایم ایف سے رقم ملنے کے باوجود انٹر بینک میں ڈالر مہنگا ہوگیا
آئی ایم ایف سے رقم ملنے کے باوجود انٹر بینک میں ڈالر مہنگا ہوگیا ہے۔
جمعہ کو ٹریڈنگ کے آغاز میں انٹربینک میں ڈالر 40 پیسے مہنگا ہوکر219 روپے کا ہوگیا۔انٹر بینک میں ڈالر 38 پیسے مہنگا ہوکر 218.98 روپے پر بند ہوا۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں آج ڈالر کی قدر میں زیادہ بڑا اضافہ ہوا اورکرنسی مارکیٹ میں ڈالر 4 روپے مہنگا ہوکر 223 روپے پربند ہوا۔
اس سے قبل انٹربینک میں امریکی ڈالرکی قیمت 3 دن میں سوا 4 روپے نیچے آئی تھی۔ جمعرات کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر2روپےمہنگاہوکر220روپےکاہوگیا تھا جب کہ انٹربینک مارکيٹ میں ڈالر15پیسےسستا ہوکر218.60 روپے پربند ہوا تھا۔ کرنسی ڈیلرز نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام بحال ہونے سے روپیہ تگڑا اور ڈالر کمزور ہوگا تاہم ڈالر کی قدر میں اتارچڑھاؤ دیکھاگیا۔اگست میں درآمدات اور تجارتی خسارہ بڑھنے سے روپے پر دباؤ آیا۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کی قسط ملنے پر پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری آئی تھی اور گزشتہ روز کاروبار کے آغاز پر انٹربینک میں ڈالر 2روپے25پیسے سستا ہو گیا تھا۔ فاریکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق ڈالر کی قیمت میں کمی کے بعد انٹربینک میں ڈالر 216روپے50پیسے پر ٹریڈ ہو رہا تھا۔
جبکہ آئی ایم ایف سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو 1.16 ارب ڈالر موصولی اور اقوام متحدہ اور مختلف ممالک کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے مالی امداد آنے سے ذرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی تنزلی کا سلسلہ جاری رہا تھا۔ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 1.48 روپے کمی سے 217.27 روپے کا ہوگیا تھا.
اس وقت ماہرین کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان ایٹمی ہتھیاروں کا معاہدہ طے پانے سے ایرانی تیل کی سپلائی بحال ہونے سے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں نمایاں کمی کے امکانات روشن ہوگئے تھے جس سے پاکستان بھرپور انداز میں استفادہ کرسکے گا اور ملک کا آئل امپورٹ بل میں بھی نمایاں کمی سے معیشت کو سہارے کی امید کی گئی۔