’گدھوں کی ساکھ متاثر ہوتی ہے‘: سیاستدانوں کو گدھے سے تشبیہ دینے کیخلاف درخواست دائر

0
22

کراچی ::کراچی کے شہری نے سیاستدانوں کو گدھے سے تشبیہ دینے پر عدالت سے رجوع کرلیا۔شہری نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ گدھا محنتی اور معصوم جانور ہے، سیاست دانوں کو گدھے سے تشبیہ دینے سے گدھوں کی ساکھ متاثر ہوتی ہے، عدالت کارروائی کرے ۔

کراچی کے شہری نے سیشن عدالت میں درخواست دائر کردی ہے اور کہا ہے کہ ایک شخص نے انٹرنیٹ پر بیان میں سیاست دانوں کو گدھے سے تشبیہ دی ہے، اس حوالے سے ایف آئی اے سائبر کرائم نے میری شکایت پر کارروائی نہیں کی۔عدالت نے شہری کی درخواست پر ایف آئی اے سائبر کرائم سے 5 جولائی کو جواب طلب کرلیا ہے۔

سیشن جج جنوبی کی عدالت میں ڈیفنس فیز 2 کے رہائشی سراوان نے درخواست دائر کی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ اختر حسین شیخ نامی صارف نے فیس بک پر سیاست دانوں کو گدھے سے تشبیہ دی ،گدھا بہت محنتی جانور ہے کسی کو نقصان نہیں پہنچاتا، 26 جون کو لاڑکانہ میں سیاسی مہم کے دوران سیاست دانوں کو گدھے سے تشبیہ دینے سے متعلق ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔

درخواست گزار کا کہنا ہے سیاست دانوں کو گدھے سے تشبیہ دینے سے گدھوں کی ساکھ متاثر ہوئی، ملزم نے گدھے کے خلاف جو زبان استعمال کی وہ معاشرتی اقدار کے منافی ہے،گدھے کو کرپٹ سیاست دانوں سے ملانا نا انصافی ہے۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ اس نے ایف آئی اے سائبر کرائم سے رابطہ کیا لیکن کوئی کارروائی نہ ہوئی،جانوروں کی تحقیر کرنا جانوروں کیلئے بنائے گئے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ایف آئی اے کو مقدمے کے اندراج کا حکم دے۔

Leave a reply