سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سیالکوٹ رانا عمر فاروق نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیالکوٹ چیمبر کے صدر اکرام الحق، سینئر نائب صدر وسیم شہباز لودھی اور نائب صدر عمر خالد نے ڈی پی او کا پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران ڈی پی او سیالکوٹ رانا عمر فاروق نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ سیالکوٹ پولیس عوام کے تحفظ اور خدمت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی کیمروں کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے، جو شہریوں کے تحفظ کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ فیکٹریوں کے مین دروازوں پر نصب کیمرے انٹرنیٹ کے ذریعے ڈی پی او دفتر سے منسلک کیے جائیں تاکہ صنعت کاروں اور ان کی املاک کے تحفظ کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
ڈی پی او نے مزید کہا کہ کینٹ چوک سمیت اہم چوراہوں کی خوبصورتی اور ٹریفک اشاروں کی تنصیب کے لیے سیالکوٹ چیمبر کا مالی تعاون درکار ہے، اور انہیں یقین ہے کہ چیمبر ہمیشہ کی طرح اس مقصد میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے سیالکوٹ کے تھانہ کوتوالی کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کا بھی ذکر کیا اور تاجر برادری سے بھرپور تعاون کی درخواست کی۔
اس موقع پر تاجر برادری کے رہنما ریاض الدین شیخ، سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے چیئرمین حسن علی بھٹی، وائس چیئرمین ملک فراز اعوان، فوکل پرسن عامر مجید شیخ اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔