ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ٹیپو سلطان:عجب تاریخی مماثلت۔۔۔۔(علی عمران شاھین) #حق #سچ

0
31

تاریخ شاہد ہے کہ 4مئی 1799کے دن شہادت کے بعد ٹیپو سلطان کا جب جنازہ اٹھایا گیا تھا تو تب آسمان کالے بادلوں سے گھرا،بےتحاشا بارش برسی اور بجلیاں گریں جس سے کئی انگریز فوجی ہلاک اور بہت سے زخمی ہوئے تھے۔

آج 10اکتوبر2021کے دن ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا جنازہ اٹھا تو اسلام آباد کا منظر وہی تھا،دن کے وقت اندھیرا چھا گیا اور کالی گھٹائیں برسیں لیکن جنازہ میں چونکہ اہل ایمان اور سوگواران عبدالقدیر خان تھے،سو اللہ نے کرم فرمایا اور جنازہ کا سفر بخیریت مکمل ہوا۔

ٹیپو سلطان کی جنگ انگریز سے تھی تو ڈاکٹر عبدالقدیر خان بھی انگریز کے دباؤ اور ٹکر کی وجہ سے قید و بند سے گزرے۔

ٹیپو سلطان نے بھی اہل اسلام کی جانب سے سب سے پہلے تب کے مہلک راکٹ اور میزائل بنائے اور یہی اعزازات ڈاکٹر صاحب کو نصیب ہوئے۔

ٹیپو سلطان کی زندگی بھی ظاہری نمود و نمائش، کروفر سے پاک، سادگی سے عبارت اور مذہبی مسلکی تعصب سے ماورا تھی،بعینہ ڈاکٹر صاحب کی زندگی بھی ہمہ پہلو ویسی ہی تھی۔

جیسے ٹیپو سلطان ہر وقت باوضو رہتے،نماز کی سختی سے پابندی کرتے اور ہر کام میں اللہ کا نام لیتے تھے، ڈاکٹر صاحب کے معمولات بھی ویسے ہی تھے۔

آخر میں جیسے ٹیپو سلطان اپنوں کی غداری اور بے وفائی کا نشانہ بنے،وہی کچھ ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے ہوا لیکن جیسے ٹیپو سلطان کانام ہمیشہ کے لئے تاریخ کا روشن و سنہری باب بن چکا،ویسے ہی ڈاکٹر صاحب کانام بھی جگمگاتا رہے گا اور اسے گہنانے کی کوشش کرنے والے رسوا ہی ہوتے رہیں گے۔

ٹیپو سلطان کی شہادت پر اکبر الہ آبادی رحمہ اللہ نے ایک معرکہ آرا نظم لکھ کر انہیں خراج تحسین پیش کیا تھا،وہ نظم آج کے دور میں ڈاکٹر عبد القدیر خان کے لئے بھی کمال فٹ آتی ہے

اے شہید مرد میدان وفا!تجھ پر سلام
تجھ پہ لاکھوں رحمتیں لا انتہا تجھ پر سلام
ہند کی قسمت ہی میں رسوائی کا سامان تھا
ورنہ تو ہی عہد آزادی کا ایک عنوان تھا
اپنے ہاتھوں خود تجھے اہل وطن نے کھو دیا
آہ کیسا باغباں شام چمن نے کھو دیا
بت پرستوں پر کیا ثابت یہ تو نے جنگ میں
مسلم ہندی قیامت ہے حجازی رنگ میں
عین بیداری ہے یہ خواب گراں تیرے لیے
ہے شہادت اک حیات جاوداں تیرے لیے
تو بدستور اب بھی زندہ ہے حجاب کور میں
جذب ہو کر رہ گیا ہستی پر شور میں

اللہ تعالیٰ ڈاکٹر صاحب کو کروٹ کروٹ جنت کی ہوائیں عطا فرمائے

ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ٹیپو سلطان:عجب تاریخی مماثلت۔۔۔۔تحریر:(علی عمران شاھین) #حق #سچ

Leave a reply