سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹرمدثر رتو)پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر کو گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کی چھٹی مستقل وائس چانسلر تعینات کر دیا گیا۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن کے نوٹیفیکیشن کے بعد انہوں نے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔
ڈاکٹر شازیہ کو اس سے قبل گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی پہلی خاتون وائس چانسلر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے فزکس میں ماسٹرز، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (UET) لاہور سے ایم فل اور ویانا (آسٹریا) کی ٹیکنیکل یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی مکمل کی۔ ان کے 150 تحقیقی مقالے عالمی سطح کے معروف جرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔
اس سے قبل، وہ جی سی یونیورسٹی لاہور میں فیکلٹی آف میتھمیٹیکل اینڈ فزیکل سائنسز کی ڈین کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں عہدہ سنبھالنے پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی نے ان کا استقبال کیا اور مبارکباد دی۔
استقبالیہ تقریب میں رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر الیاس، ٹریژرر پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواز منج، کنٹرولر ملک گلشان اسلم، پروفیسر ڈاکٹر طارق، اور پروفیسر ڈاکٹر اشفاق بھی موجود تھے۔