ڈیرہ غازیخان :خاتون سے زیادتی کا واقعہ،3 دن گزر گئے،دراہمہ پولیس ملزم کو گرفتار نہ کر سکی
ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی رپورٹ) ڈیرہ غازی خان کے علاقے میں ایک شادی شدہ خاتون سے اسلحہ کے زور پر مبینہ زیادتی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ متاثرہ خاتون کے خاوند محمد فیاض نے تھانہ دراہمہ پولیس میں ملزم عامر منظور کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔
محمد فیاض کے مطابق، جب وہ محنت مزدوری کے لیے سرور والی منڈی میں کام کر رہا تھا تو اسے اطلاع ملی کہ علاقے کے اوباش عامر منظور نے اس کی بیوی سے اسلحہ کے زور پر زیادتی کی ہے۔ جب وہ گھر پہنچا تو اس کی بیوی نے بتایا کہ وہ کھیتی باڑی کرنے جا رہی تھی کہ اچانک عامر نے اسے اسلحہ کے زور پر اپنی بیٹھک میں لے جا کر اس کے ساتھ زیادتی کی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ دراہمہ پولیس موقع پر پہنچی اور متاثرہ خاتون کے خاوند کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔ تاہم، تین دن گزر جانے کے باوجود پولیس ابھی تک ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی ہے۔
محمد فیاض نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تھانہ دراہمہ پولیس اس معاملے میں لیت و لعل کر رہی ہے۔ اس نے آر پی او سجاد حسن خان اور ڈی پی او سید علی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس واقعے کا فوری نوٹس لے کر ملزم کو جلد از جلد گرفتار کر کے اسے قرار واقعی سزا دیں۔
یاد رہے کہ کمزور پولیسنگ کی وجہ سے حدود تھانہ دراہمہ قتل وغارت گری اور بدامنی عروج پر ہے ،شہری راتیں جاگ کر گذارنے پر مجبور ہیں .