لاہور: 48سالہ خاتون کے اندھے قتل کا ڈراپ سین، سگی بیٹی ہی ماں کی قاتل نکلی، آشنا سمیت گرفتار

0
43

لاہور: 48سالہ خاتون کے اندھے قتل کا ڈراپ سین، سگی بیٹی ہی ماں کی قاتل نکلی، آشنا سمیت گرفتار ،اطلاعات کے مطابق لاہور سی آئی اے پولیس اقبال ٹاؤن نے اپنی سگی والدہ کو قتل کرنے والی بیٹی کو آشنا سمیت گرفتار کر لیا ہے، دونوں ملزمان بولنے اور سننے کی صلاحیت سے محروم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل گلشن اقبال کے علاقے میں پولیس ایمرجنسی 15پر انعام الحق نامی شہری کی کال موصول ہوئی کہ نامعلوم ملزمان نے میرے گھر میں گھس کرمیری48سالہ بیوی بسم اللہ بی بی کوچھریوں اور ہتھوڑوں کے وار کر کے بے دردی سے قتل کر دیا ہے جبکہ میری 20 سالہ بیٹی جو بولنے اور سننے کی صلاحیت سے محروم ہے کو بھی اغواء کرکے ساتھ لے گئے ہیں۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہورشہزادہ سلطان نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار کو واردات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دیا۔ ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار کی سربراہی میں ڈی ایس پی سی آئی اے اقبال ٹاؤن طارق الیاس کیانی اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم نے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا آغاز کیااورمختلف شواہد کی روشنی میں سی سی ٹی وی کیمروں سے حاصل ہونیوالی فوٹیجز سمیت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مقتولہ بسم اللہ بی بی کی بیٹی فجر اور اس کے آشناعظیم کو گرفتار کر لیا۔

ملزمان کی گرفتاری کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ ملزمہ فجر اوراس کا آشنا عظیم دونوں ہی بولنے اور سننے کی صلاحیت سے محروم ہیں۔ جنہوں نے اشاروں کی مدد سے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک ہی سکول میں پڑھتے تھے اور شادی کرنا چاہتے تھے۔وقوعے کے روز ملزمہ فجر نے موبائل فون واٹس ایپ پر ویڈیو کال کر کے اپنے آشناعظیم کو گھر بلایا۔

گھر سے بھاگنے کے دوران مزاحمت پر سگی بیٹی فجر نے اپنے آشنا عظیم کے ساتھ مل کر اپنی ماں بسم اللہ بی بی کو چھری اور ہتھوڑے کے وار کر کے بے دردی سے قتل کر دیا اورگھر میں کھڑی موٹر سائیکل لے کر موقع سے فرار ہو گئے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شہزادہ سلطان نے قتل کی واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭

Leave a reply