دعا بھٹو اور حلیم عادل شیخ کے درمیان علیحدگی

سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی غربی کی عدالت نے دعا بھٹو کی حلیم عادل شیخ سے خلع کی درخواست منظور کر لی۔

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ فریقین کے درمیان مصالحت کی کوششیں ناکام ہو گئی ہیں۔عدالت نے بچے کے اخراجات کی مد میں حلیم عادل شیخ کو 24 ہزار روپے ماہانہ دینے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے بچے کے اخراجات سے متعلق کیس کی مزید سماعت 21 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن سندھ اسمبلی دعا فاطمہ بھٹو نے شوہر رکن سندھ اسمبلی اور قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ سے خلع لینے کی درخواست واپس لے لی تھی۔دعا بھٹو نے خلع کی درخواست میں شوہر پر ذہنی تشدد اور ان کی پہلی بیوی کی جانب سے ذاتی زندگی میں مداخلت جیسے الزامات لگائے تھے۔ساتھ ہی دعا بھٹو نے درخواست میں دعویٰ کیا تھا کہ انہیں حق مہر کے بھی پانچ لاکھ روپے ادا نہیں کیے گئے اور عدالت سے انہوں نے خلع کے ساتھ ساتھ نان و نفقہ کی مد میں ماہانہ 7 لاکھ روپے دلوانے کی درخواست بھی دائر کی تھی۔ دعا بھٹو نے خلع کے ساتھ ساتھ عدالت سے استدعا کی تھی کہ انہیں بیٹے کی پرورش ان کے حوالے کی جائے اور انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت بھی دی جائے۔تاہم حلیم عادل شیخ کو نوٹس جاری ہونے کے چند دن بعد دعا بھٹو نے اچانک خلع کی درخواست واپس لے لی تھی۔

Comments are closed.