کراچی:دعا زہرہ کے بعد ایک اور لڑکی لاپتہ

0
28

کراچی میں ایک ہفتے کے دوران ملیر سے دوسری لڑکی کے لاپتہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق ملیر سے لاپتہ ہونے والی لڑکی کی والدہ کا کہنا ہے کہ 20 اپریل کو سعود آباد سے ان کی 14 سالہ بیٹی نمرہ کاظمی لاپتہ ہوئی، نمرہ سعود آباد ایس ون ایریا سے لاپتا ہوئی۔

لڑکی کی والدہ کا بتانا ہے کہ صبح 9 بجے کام سے گئی واپس آئی تو نمرہ غائب تھی، کافی تلاش کے باوجود تاحال بیٹی کا کچھ پتہ نہیں چل سکا میری بیٹی دسویں جماعت کی طالبہ ہے اور اس کے امتحان ہونے والے تھے، وزیراعلیٰ، آئی جی سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ ہے کہ میری بیٹی کو بازیاب کرائیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کے لاپتہ ہونے کا مقدمہ سعودآباد تھانے میں درج کر لیا گیا ہے اور مقدمہ درج کرکے لڑکی کی تلاش شروع کر دی ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے ملیر گولڈن ٹاؤن سے دعا زہرہ نامی لڑکی بھی لاپتہ ہوئی تھی جس کا تاحال کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔

اس حوالے سے کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ پولیس ہر زاویے سے دعا زہرہ کے کیس کو دیکھ رہی ہے اور تمام جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بچی کو ڈھونڈنے کی کوشش کی جا رہی ہے دعازہرہ کی تلاش کےلیے ہر زاویے سے تفتیش کر رہے ہیں، تفتیش کر رہے ہیں تاکہ کوئی مسنگ لنک ہے تو وہ بھی تلاش کر سکیں۔

غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ پولیس اس معاملے میں کلیو لیس نہیں ہے، دعازہرہ کی بازیابی کے لیےہر کوشش اور تمام جدید ذرائع استعمال کر رہے ہیں کراچی ایسے حساس معاملے کو زیادہ اٹھانے سے تفتیش پر اثر پڑے گا، دعازہرہ کی بازیابی کے لیے پولیس ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دعا زہرہ کے نام سے بنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کیا گیا جس میں دعا زہرہ نے اپنے خیریت سے ہونے کی اطلا ع دی-

دعا زہرہ نے ٹوئٹ میں لکھا کہ میں دعا زہرہ ہوں گزشتہ چند دن میری زندگی کی بدترین دن تھے لیکن اللہ کا شکر ہے کہ اب میں ٹھیک ہوں اور اپنی فیملی کے ساتھ ہوں –

ٹوئٹ میں خاص طور پر اینکر پرسن وسیم بادامی اور معروف صحافی و اینکر اقرار الحسن اور آئی ایس پی آر کو بھی ٹیگ کرتے ہوئے مدد کے لئے شکریہ اداکیا گیا اور لکھا کہ ان تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے اس مصیبت میں ساتھ دیا اور دعائیں کی-

تاہم دعا زہرہ کے نام سے بنائے گئے اکاؤنٹ سے کی گئی اس ٹوئٹ پر صارفین کا کہنا ہے کہ کچھ پراسرار بات ہے۔ کیوں کسی نے دعا زہرہ کے نام سے ٹویٹر اکاؤنٹ بنایا اور بنیادی طور پر ان کے گھر محفوظ ہونے کی جھوٹی افواہ پھیلائی یہاں تک کہ اس نے وسیم بادامی اور اقرار الحسن، ڈی جی آئی ایس پی آر کو ٹیگ کیا۔اور ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

صارفین کا کہنا ہے کہ اس اکاؤنٹ کا سراغ لگایا جانا چاہئے اور انہیں یقین ہے کہ یہ دعا کیس کو سلجھانے میں کم از کم تھوڑا سا اشارہ دے سکتا ہے-

Leave a reply