پرائمری اسکول میں بھگدڑ کے دوران 14 بچے کچل کر ہلاک

0
34

نیروبی: پرائمری اسکول میں بھگدڑ کے دوران 14 بچے کچل کر ہلاک،اطلاعات کے مطابق کینیا کے ایک پرائمری میں اسکول میں چھٹی کے وقت ایک ساتھ باہر نکلنے کی کوشش میں دھکم پیل کے دوران 14 بچے پاؤں تلے روندے جانے کے باعث ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں کاکامیگا پرائمری اسکول میں چھٹی کا الارم بجتے ہی سیکڑوں بچے اسکول سے باہر نکلنے میں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی کوشش میں کچلے گئے جس کے نتیجے میں 14 بچے ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھگدڑ لکڑی کی سیڑھیاں ٹوٹنے کے باعث بچوں کے ایک دوسرے پر گرنے کی وجہ سے مچی۔ اس حوالے سے متضاد اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ پولیس نے چند بچوں اور اساتذہ کا بیان قلم بند کرلیا ہے۔

وزیر تعلیم جارج مگوہا نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے میں 14 بچے ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے۔ 8 بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

Leave a reply