دیامیر بھاشا ڈیم پاکستان کی معیشت کے لیے کتنا اہم ، سلیم باجوہ نے بتادیا

دیامیر بھاشا ڈیم پاکستان کی معیشت کے لیے کتنا اہم ، سلیم باجوہ نے بتادیا

باغی ٹی وی : لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر کا اعلان تمام نسلوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کیلئے ایک تاریخ ساز خبر ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر ہماری معیشت کی بہتری کیلئے ایک بہت بڑا محرک ثابت ہوگی۔

عاصم سلیم باجوہ نے اپنی ٹویٹ میں پاکستانیوں کو خوشخبری دیتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے سے 16500 نوکریاں جبکہ 4500 میگاواٹ بجلی کی پیداوار ہوگی۔


واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت قومی واٹر سیکورٹی سٹریٹجی اور ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں پانی کے بچاؤ کی قومی حکمت عملی، زراعت اور توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ڈیمز کی تعمیر پر بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزرا فیصل واوڈا، اسد عمر، سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور اور معاون خصوصی لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، چئیرمین واپڈا اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

وزیراعظم عمران خان کو بھاشا ڈیم کی تعمیر سے متعلق زیر التوا امور کے حل پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اس اہم منصوبہ سے متعلق امور کو حل کر لیا گیا ہے۔ بھاشا ڈیم منصوبہ عملی کام کے آغاز کے لیے تیار ہے۔اہم بریفنگ میں بتایا گیا کہ دیامر بھاشا ڈیم منصوبہ متعدد وجوہات کی بنا پر کئی دہائیوں سے تعطل کا شکار رہا۔ ڈیم کی تعمیر سے 16500 ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ سیمنٹ اور سٹیل کے بھاری مقدار میں استعمال سے مقامی صنعت کو فروغ ملے گا۔

وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیم سے 4500 میگاواٹ سستی بجلی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ ملک میں پانی کی موجودہ قلت کو کم کیا جا سکے گا۔ 1.23 ملین ایکڑ اراضی کو زراعت کیلئے استعمال میں لایا جائے گا۔ ڈیم کے آس پاس کے علاقے کی سماجی ترقی کے لئے 78.5 بلین خرچ ہوں گے جبکہ ہر سال سیلاب سے ہونے والے اربوں روپے مالیت کے نقصانات سے بچنے میں بھی مدد ملے گی.

Comments are closed.