وفاقی دارالحکومت میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردو نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے، اور ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 2 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز تاجکستان کا بارڈر تھا اور اس کی زیر زمین گہرائی 60 کلومیٹر تھی۔زلزلے کے جھٹکے ایبٹ آباد اور مالاکنڈ میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔
ادھرتاجکستان کےمشرقی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گیے ہیں۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ زلزلے کی گہرائی تقریباً 20 کلو میٹر تھی۔
رپورٹس کے مطابق فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔اس کے علاوہ چینی میڈیا کا کہنا ہے کہ چین کے علاقے سنکیانگ ریجن اور تاجکستان کی سرحد کے قریب7.3 شدت کا زلزلہ آیا۔
یاد رہےکہ تین دن پہلے ترکی میں یعنی پیر کے روز 6.4 شدت کے ایک نئے زلزلے کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس تازہ زلزلے میں ترکی اور شام میں 680 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ترکی کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی ایجنسی آفاد نے کہا کہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق آٹھ بج کر چار منٹ پر آیا، جس کے بعد درجنوں آفٹر شاکس آئے۔
خیال رہے کہ اسی علاقے میں 6 فروری کو 7.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں ترکی اور شام میں 44,000 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ترکی کے وزیر داخلہ سلیمان سویلو نے کہا کہ پیر کے زلزلے سے ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق انطاکیہ، ڈیفنے اور سمندگی سے ہے۔ انھوں نے شہریوں سے ممکنہ طور پر خطرناک عمارتوں میں داخلے سے گریز کرنے کی تاکید کی تھی