الیکشن کمیشن کا فیصلہ آنے کے بعد عمران خان کیخلاف کارروائی ہو گی. حنیف عباسی
مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ آنے کے بعد عمران خان کے خلاف کارروائی ہو گی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اوورسیز کے سامنے بے نقاب ہو گئے ہیں وہ کل رات بھولے بنے ہوئے تھے اور صدر مملکت عارف علوی فوری طور پر مستعفیٰ ہو جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو پی ٹی آئی رہنما اسد عمر، پرویز خٹک اور دیگر کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ عمران خان نے خیرات کا پیسہ ذاتی مفاد کے لیے استعمال کیا وہ سب سے بڑا چور ڈاکو ثابت ہو چکا ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ عمران خان حکومت میں ہوں یا حکومت سے باہر ملک کے لیے زہر قاتل ہیں جبکہ حکومت نے تحریک انصاف کے 13 بے نامی اکاؤنٹس کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ آنے کے بعد عمران خان کے خلاف کارروائی ہو گی۔
انہوں ںے کہا کہ ہم نے 2017 میں کہا تھا کہ عمران خان جھوٹا ہے۔ عمران خان ملکی معیشت اور جغرافیہ کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے جبکہ عمران خان نعیم الحق اور ڈاکٹر قدیر خان جیسی شخصیات کے جنازے پر بھی نہیں گئے۔
رہنما مسلم لیگ ن حنیف عباسی نے کہا کہ عمران خان سیلاب کے دوران شہید ہونے والے جوانوں کے جنازے پر بھی نہیں گئے جبکہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ آنے کے بعد ثابت ہو گیا کہ عمران خان صادق اور امین نہیں ہیں۔