عہد وفا کے ’گلزار‘ اداکاری میں کیسے آئے؟
بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل عہد وفا کے معروف کردار گلزار نے کہا ہے کہ وہ طارق بن زیاد کی طرح سب کشتیاں جلا کر اداکاری میں آئے ہیں
ہم نیوز کے پروگرام ’صبح سے آگے‘ میں دیے گئے انٹرویو میں گلزار جن کا اصلی نام عدنان صمد خان ہے نے بتایا کہ انہوں نے اداکاری کی تعلیم نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ (ناپا) سے حاصل کی
انہوں نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات پاس کرنے کے بعد والد کو کہا کہ میں نے اداکاری کرنی ہےشروع میں تو انہوں نے منع کیا مگر جب دیکھا کہ میں بضد ہوں تو انہیں ہار ماننا پڑی
عدنان صمد نے بتایا کہ میرا تعلق ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ شریف کی ایک نواحی بستی گاڈھی سے ہے یہ دراصل ایک بلوچ قبیلہ ہے خاندان میں کسی کا دور دور تک اداکاری سے کوئی تعلق نہیں ہے
میزبان اویس منگل والا کے اس سوال پر کہ ’عہد وفا‘ میں گلزار کا کردار کیسے ملا انہوں نے بتایا کہ ڈرامہ کے لیے سرائیکی اداکار چاہیے تھا میں بس صحیح موقع پر صحیح جگہ پہنچ گیا
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈرامہ کی شوٹنگ کے دوران احد رضا میر نے میری بہت مدد کی ہدایتکار سیف حسن نے بھی بہت اچھے طریقے سے سب سمجھایا
شوٹنگ کے دوران پیش آئے سب سے یادگار واقعہ کے متعلق انہوں نے بتایا کہ پیرا گلائیڈنگ کا ایک سین کرنا تھا میں نے کہا کہ میں اس کی عکس بندی نہیں کرا سکتا کیونکہ میں مرنا نہیں چاہتا مجھ سے زبردستی سین کرانے کی کوشش کی تو میں شوٹنگ چھوڑ کر گھر چلا جاؤں گا بعد میں پتا چلا کہ وہ لوگ مذاق کر رہے تھے
اپنی ذاتی زندگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عدنان صمد نے بتایا کہ ہم کل چار بہن بھائی ہیں ہم تینوں بھائی بڑے ہیں اور بہن سب سے چھوٹی ہے بھائی زمینداری سے منسلک ہیں اداکاری صرف میرا انتخاب تھا
عدنان صمد خان نے بتایا کہ طبیعتاً بہت سست انسان ہوں مگر پڑھنے کا بہت شوقین بھی ایک بار 16 گھنٹے سویا رہا بھائی نے جگا کر چیک کیا کہ زندہ بھی ہے یا اگلے جہان چلا گیا
عدنان صمد نے کہا کہ اب لوگ پہچانتے ہیں ساتھ تصویریں کھنچواتے ہیں تو بہت اچھا لگتا ہے