اہمیت جمعتہ المبارک اسلام کی روشنی میں ازقلم :غنی محمود قصوری

0
48

اہمیت جمعتہ المبارک اسلام کی روشنی میں

ازقلم غنی محمود قصوری

تمام دن اللہ رب العزت نے بنائے ہیں مگر اللہ تعالی نے جمعتہ المبارک کو ایک خاص اہمیت دی ہے جس کیلئے ہم دیکھتے ہیں نبی ذیشان صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ حدیث نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’جمعہ کا دن دوسرے دنوں کا سردار ہے، اللہ کے نزدیک بڑا دن ہے اور یہ اللہ کے نزدیک عید الأضحی اور عید الفطر سے بھی بڑا ہے-

اس میں پانچ باتیں ہیں

1 اس میں اللہ تعالیٰ نے سیّدنا آدم علیہ السلام کو پیدا کیا

2 اس میں اللہ تعالیٰ نے سیدنا آدم علیہ السلام کو زمین پر اتارا

3 اس دن سیدنا آدم علیہ السلام فوت ہوئے

4 اس دن میں ایک گھڑی ایسی ہے جس میں جو بھی بندہ اس گھڑی میں اللہ تعالیٰ سے کوئی سوال کرتا ہے اللہ تعالی وہ اس کو دے دیتا ہے مگر حرام چیز کا سوال نہ ہو تو

5 اس دن قیامت قائم ہو گی کوئی مقرب فرشتہ نہ آسمان میں، نہ زمین میں، نہ ہوا میں، نہ پہاڑ میں اور نہ دریا میں مگر وہ جمعہ سے ڈرتے ہیں

(ابن ماجہ: إقامۃ الصلاۃ، باب, فی فضل الجمعۃ)

اس دن کی فضیلت قرآن میں ایسے بیان کی گئی ہے

یَا أَیُّہَا الَّذِیْنَ آمَنُوْا إِذَا نُوْدِیَ لِلصَّلٰوۃِ مِنْ یَّوْمِ الْجُمُعَۃِ فَاسْعَوْا إِلٰی ذِکْرِ اللّٰہِ وَذَرُوا الْبَیْعَ ذٰلِکُمْ خَیْرٌ لَّکُمْ إِنْ کُنْتُمْ تَعْلَمُوْنَ

اے اہل ایمان جب جمعہ کے دن نماز (جمعہ) کے لیے اذان دی جائے تواللہ کے ذکر (خطبہ اور نماز) کی طرف دوڑو اور (اس وقت) کاروبار چھوڑ دو
اگر تم سمجھو تو یہ تمہارے حق میں بہت بہتر ہے
(سورہ الجمعۃ )

یقیناً یہ دن جمعہ بہت اہمیت کا حامل ہے اسے لئے اس کو باقی دیگر دنوں کا سردار کہا گیا ہے
اس دن ہمارے کچھ کام دوسرے دنوں سے زیادہ کرنے کے ہوتے ہیں تاکہ ہم اس دن اللہ رب العزت سے زیادہ سے زیادہ ثواب حاصل کر سکیں

اس دن کا آغاز روزانہ کی طرح نماز فجر سے کریں اور تلاوت قرآن میں خاص کر سورہ الکہف لازمی پڑھنے کی کوشش کریں اس کے بعد اس دن کثرت سے درود شریف پڑھیں کیونکہ ارشاد ربانی ہے

بے شک اللہ تعالیٰ اور اس کے فرشتے رحمت بھیجتے ہیں اس پیغمبر پر
اے ایمان والوں تم بھی آپ (صلی اللہ علیہ وسلم) پر رحمت بھیجو اور خوب سلام بھیجا کرو۔ ( سورہ الاحزاب)

اس دن وقت نکال کر اپنے فوت شدگان کی قبر پر حاضری دیں اس بارے حدیث رقم ہے

کنت نھیتکم عن زیارۃ القبور ألا فزوروہا فانہا ترق القلب، وتدمع العین وتذکر الآخرۃ
(مستدرک الحاکم 376/1)

(نبی کریم نے فرمایا) میں نے تمہیں زیارت قبور سے روکا تھا ( شروع اسلام) لیکن اب تم ان کی زیارت کیا کرو کہ اس سے رقت قلب پیدا ہوتی ہےاور آنکھیں پرنم ہوتی ہیں اور آخرت کی یاد آتی ہے
جمعہ کے دن کے علاوہ بھی قبروں پر جانا چائیے اور مردوں کے علاوہ عورتوں کو بھی مکمل شرعی پردہ کرکے قبرستان میں جانا چائیے اور قبرستان میں جا کر دعا پڑھنی چائیے جو کہ حدیث میں ایسے رقم ہے

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے نبی کریم سے دریافت کیا کہ قبروں کے پاس کیا کہنا چاہیے تو حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ کلمات سکھلائے

السَّلَامُ عَلَیْکُمْ أَھْلَ الدِّیَارِ مِنَ الْمُؤْمِنِیْنَ وَالْمُسْلِمِیْنَ، وَیَرْحَمُ اللّٰہُ الْمُسْتَقْدِمِیْنَ مِنَّا وَالْمُسْتَأْخِرِیْنَ، وَإِنَّا إِنْ شَائَ اللّٰہُ بِکُمْ لَلَاحِقُوْنَ. (مسلم 974)

طہارت یعنی صفائی ایمان کا حصہ ہے اس لئے اس دن ہو سکے تو اپنے بال کٹوائیں، ناخن تراشیں، غسل کریں ،عمدہ کپڑے پہنیں اور اگر میسر ہو تو خوشبو لگائیں، مسواک کریں کیونکہ ارشاد مصطفی ہے

سیّدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
ہر مسلمان پر حق ہے کہ ہفتے میں ایک دن (جمعہ کو) غسل کرے اس میں اپنا سر دھوئے اور اپنا بدن دھوئے
(بخاری)

جمعہ کے دن اگر کوئی مجبوری بن جائے تو غسل کے بغیر مگر پاک صاف ہوتے ہوئے بھی جمعہ کی نماز ادا کی جا سکتی ہے کیونکہ ارشاد مصطفی ہے

سیدنا سمرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا

جمعہ کے دن جس نے وضو کیا اس نے اچھا کیا اور جس نے غسل کیا تو غسل افضل ہے
(ابو داؤد)

نیز اس دن تجارت و دیگر کاروبار زندگی کئے جا سکتے ہیں مگر اذان جمعہ ہوتے ہی کاروبار کو روک دینا چائیے اور اول وقت میں جا کر خطبہ جمعہ سن کر نماز جمعہ ادا کرنی چائیے جیسا کہ اوپر آیت مبارکہ میں جمعہ کی اذان کے ہوتے ہی کاروبار بند کرنے کا حکم ہے نیز مذید ارشاد مصطفی ہے

حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد مبارک ہے جس شخص نے جمعہ کے دن نہایت اہتمام کے ساتھ غسل کیا جس طرح پاکی حاصل کرنے کے لیے غسل کیا جاتا ہے، پھر اول وقت مسجد میں جا پہنچا تو اس نے گویا ایک اونٹ کی قربانی کی اور جو اس کے بعد دوسری ساعت میں پہنچا تو اس نے گویا گائے یا بھینس کی قربانی کی اور اس کے بعد تیسری ساعت میں پہنچا تو اس نے گویا سینگ والا مینڈھا قربان کیا اور اس کے بعد چوتھی ساعت میں پہنچا تو گویا خدا کی راہ میں انڈا صدقہ کیا پھر جب خطیب خطبہ دینے کے لیے نکل آتا ہے تو فرشتے مسجد کا دروازہ چھوڑ دیتے ہیں اور خطبہ سننے اور نماز پڑھنے کے لیے مسجد میں آبیٹھتے ہیں (بخاری)

چونکہ عورت پر نماز مسجد میں جاکر پڑھنا فرض نہیں مگر مسجد میں جا کر نماز عورت پڑھ بھی سکتی ہے اسی طرح عورت پر جمعہ کی نماز فرض نہیں مگر زیادہ ثواب کیلئے وہ مسجد میں جاکر نماز جمعہ پڑھ سکتی ہے-

اس بارے پڑھتے ہیں امی عائشہ رضی اللہ سے مروی یہ حدیث :

نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا عورتوں کو مسجدوں سے نہ روکو، اور انھیں بغیر خوشبو کے سادہ کپڑوں میں نکلنا چاہئے سیدہ عائشہ (رضی اللہ عنہا) نے فرمایا اگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم آج کل کی عورتوں کا حال دیکھتے تو انھیں منع کر دیتے (مسند احمد 6/69، 70 وسندہ حسن)

یقیناً چھوٹے چھوٹے کام کرنے سے اس دن ہم اللہ رب العزت کا بہت زیادہ تقرب پا سکتے ہیں کیونکہ یہ سارے کام ہم دیگر دونوں میں بھی کرتے ہیں اور کرسکتے ہیں مگر جمعہ کے دن خاص فضیلت ہونے کے باعث ان کی اہمیت اور ثواب بھی خاص ہے-

اللہ تعالی ہم سب کو سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے آمین

Leave a reply