الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آج سنائے گا

0
30

الیکشن کمیشن آف پاکستان ،تحریک انصاف کی فارن فنڈنگ کیس سے متعلق فیصلہ آج سنائے گا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا۔ ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا۔الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے کیلئے کازلسٹ جاری کردی ہے۔ پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس ، تحریک انصاف کا کوئی رہنما الیکشن کمیشن تاحال نہ پہنچ سکا

فارن فنڈنگ کیس کے مدعی اکبر ایس بابر نے فیصلے سے قبل الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ا لیکشن کمیشن میں آج تاریخی فیصلہ ہوگا،دیکھنا ہوگا کہ وہ کیچ یا کلین بولڈ ہوتے ہیں،پر امید ہوں کہ فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا،

ن لیگی رہنما، رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو عمران خان اور پی ٹی آئی کے دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ دینا چاہئے، چاہے عمران خان نااہل ہوں یا پی ٹی آئی پر پابندی لگے۔۔۔

سابق وزیراعظم، ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ
فارن فنڈنگ فیصلہ سے عوام کو عمران خان کی کرپشن کا پتا لگے گا عمران خان نے 8 سال میں ایک دستاویز بھی پیش نہیں کی الیکشن کمیشن سے ایسا فیصلہ آنا چاہئے تاکہ حق اور قانون کا بول بالا ہو

اینکر سلیم صافی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ خبردار:واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آج جوفیصلہ سنانےجارہی ہےوہ صرف 2009 سے 2013 کے پانچ سالہ ریکارڈ کا احاطہ کرے گی۔ پی ٹی آئی کو اصل عروج اسکےبعدحاصل ہوا۔اقتدار اسکے بعد ملا۔بشریٰ بی بی اورمانیکا خاندان اسکے بعد دخیل ہوئے۔ اصل واردات اسکے بعد کے سالوں میں ہوئیں جواس سے کئی گنا زیادہ سنگین ہیں۔

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کے موقع پر اسلام آباد کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کردیے گئے، پولیس اور ایف سی کے ایک ہزار جوان ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔ ذرائع کےمطابق غیر متعلقہ افراد کو الیکشن کمیشن میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی، میڈیا سمیت ریڈ زون دفاتر جانے والوں کو شناخت کے بعد جانے کی اجازت ہو گی۔ سیاسی جماعتوں کے کارکنان کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، امن و امان کی صورت حال کو یقینی بنانے کے لیے رینجرز کو اسٹینڈ بائے رکھا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا ہنگامی اجلاس ہوا ہے۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کے لاء ونگ کے حکام نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس پر تیاری سے متعلق حتمی بریفنگ دی۔ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے دوران اجلاس متعلقہ حکام کو کیس کے متعلق تمام تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی، سکندر سلطان راجا نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے موقعے پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آٹھ سال بعد آج سنایا جائے گا،فیصلہ 21 جون کو محفوظ کیا گیا تھا۔الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس 2014 سے چلتا آ رہا ہے۔

یاد رہے کہ 2014ء میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رکن اکبر ایس بابر نے پارٹی کی اندرونی مالی بے ظابطگیوں کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی جس میں انہوں نے یہ الزام عائد کیا کہ پارٹی کو ممنوعہ ذرائع سے فنڈز موصول ہوئے اور مبینہ طور پر دو آف شور کمپنیوں کے ذریعے لاکھوں ملین ڈالرز ہنڈی کے ذریعے پارٹی کے بینک اکاونٹس میں منتقل کیے گئے۔

اس درخواست میں انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف نے بیرون ملک سے فنڈز اکٹھا کرنے والے بینک اکاونٹس کو بھی الیکشن کمیشن سے خفیہ رکھا۔

واضح رہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور حکومتی اتحادیوں نے چند روز قبل ببانگ دہل مطالبہ کیا تھا کہ پی ٹی آئی کی فارنگ فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنایا جائے۔

Leave a reply