الیکشن کمشنرخیبرپختونخوا شریف اللہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

0
60
ecp

اسلام آباد :صوبائی الیکشن کمشنرخیبرپختونخوا شریف اللہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، ڈی جی لوکل گورنمنٹ الیکشن کو الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا تعینات کردیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبائی الیکشن کمشنرخیبرپختونخوا شریف اللہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شریف اللہ کی جگہ ڈی جی لوکل گورنمنٹ الیکشن محمد رزاق کو الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا تعینات کردیا گیا ہے۔ شریف اللہ کو الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ اسلام آباد رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تاہم الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا شریف اللہ کو عہدے سے ہٹانے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے کے پی بلدیاتی انتخابات کا دوسرے مرحلہ کے پول ڈے مقرر کرنے کیلئے سماعت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات دوسرے مرحلہ کیلئے معاملہ سماعت کیلئے مقرر کردیا ،

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن (آج) جمعرات کو معاملے پر سماعت کرے گا۔ الیکشن کمیشن سے مرتضیٰ جاوید عباسی سمیت متعدد درخواست گزاروں نے رجوع کررکھا ہے، سخت موسم اور برفباری کی وجہ سے الیکشن کمیشن شیڈول جاری نہیں کرسکا، درخواستگزاروں نے الیکشن کمیشن سے شیڈول تاخیر سے جاری کرنے کی استدعا کررکھی ہے،

الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 16 جنوری کو کرانے کا اعلان کیا تھا۔یاد رہے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں مولونا فضل الرحمان کی جمیعت علمائے اسلام پہلے نمبر پر فاتح جماعت رہی، جبکہ حکمران جماعت تحریک انصاف انتخابات میں دوسرے نمبر پر رہی۔ جبکہ بلدیاتی انتخابات میں تیسرے نمبر پر آزاد امیدواروں نے نشستیں حاصل کیں۔

Leave a reply