لاہور:کل پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے انتخاب ہونے جارہا ہے اور اس سلسلے میں تمام ترحفاظتی اور قانونی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اس سلسلے میں اسمبلی سیکریٹریٹ کی طرف سے کچھ احکامات بھی جاری کیئے گئے ہیں
جیسا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق 22 جولائی 2022 کو وزیراعلیٰ پنجاب کے آزاد اور شفاف انتخاب کے انعقاد کیلئے صوبائی اسمبلی سیکریٹریٹ کی طرف سے ضابطہ اخلاق جاری کردیا گیا ہے۔
کل کے حوالے سے جاری کردہ جوضابطہ اخلاق سامنے آیا ہے اس کے مطابق اسمبلی سیکریٹریٹ میں اراکین اسمبلی اور اسمبلی اسٹاف کے مہمانوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی۔اس کے ساتھ ساتھ اسپیکر باکس، آفیسر باکس اور مہمانوں کی گیلریاں بند ہوں گی، تاہم میڈیا گیلری کھلی ہوگی۔
اس سلسلے میں مزید بتایا گیا ہے کہ جاری ضابطے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اراکین اسمبلی سے گزارش ہے کہ اسمبلی کی طرف سے جاری کردہ شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں، جب کہ ایوان میں موبائل فون لے جانے پر پابندی ہوگی۔
سیکریٹری پنجاب اسمبلی کی طرف سے یہ بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ اراکین اسمبلی کا اسمبلی سیکریٹریٹ میں داخلہ ڈیوٹی فری شاپ کی طرف واقع گیٹ سے ہوگا۔
اس موقع پر پولیس اسمبلی سیکریٹریٹ کی چار دیواری کے باہر انتظامی معاملات کنٹرول کرے گی۔ میڈیا پریس گیلری کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن کی کوریج کر سکے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے صوبائی اسمبلی کا اجلاس 22 جولائی بروز جمعہ کو دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔
دوسری جانب اجلاس کے پیش نظر اسمبلی کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے دفعہ 144لگائی جائے گی۔ اس دوران اسمبلی میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔مال روڈ پر ہجوم اور 3 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔