سیاحت کا کھویا مقام بحال کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ حسان خاور

0
34

لاہور:سیاحت کا کھویا مقام بحال کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ گذشتہ 20 سال میں سیاحت کو وہ مقام نہ مل سکا جو دیا جانا چاہئے تھا۔ تاہم اب عثمان بزدار کی خصوصی دلچسپی، توجہ اور ہدایت پر پنجاب میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے اہم اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ سیاحت کے فروغ سے معیشت بھی مزید مضبوط ہوگی اور ملک کے خوبصورت تاریخی، مذہبی، ثقافتی اور کلچرل مقامات کی اہمیت میں بھی اضافہ ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی ڈی سی پی کی سائٹ پر کرتارپور اور جنوبی پنجاب کے سیاحتی دورہ جات کی افتتاحی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کرتارپور اور جنوبی پنجاب کے دورہ پر جانے والے سیاحوں کے پہلے بیج کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے بھی نیک خواہشات پہنچائیں۔

حسان خاور نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کرتارپور اور جنوبی پنجاب کیلئے سیاحت کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔ سیاحت کے فروغ سے ٹی دی سی پی کی کھوئی ہوئی شناخت بھی بحال ہوگی۔ یہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے پنجاب کے عوام کیلئے نئے سال کا تحفہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں سیاحت کے حوالے سے بے شمار پوشیدہ مقامات کو سامنے لایا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن سیاحت کا فروغ ہے۔ اسی ضمن میں سیاحت کے فروغ کیلئے گذشتہ تجربات سے استفادہ کر کے اس شعبے کو بہتری کی جانب گامزن کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوٹلی ستیاں، فورٹ منرو، سون ویلی میں بیشتر نئے مقامات ڈکلیئر کئے جا رہے ہیں۔ جبکہ چولستان، چھانگا مانگا سمیت بے شمار پہلے سے موجود مقامات کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ جبکہ مقامی سیاحوں کی دلچسپی بڑھانے کیلئے مختلف مقامات کی کلچرل ویلیو میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ حسان خاور نے مزید کہا کہ سیاحت کے وسیع مواقع پیدا کرنے کیلئے مذہبی سیاحت کو فروغ دیتے ہوئے تصوف کا سفر کے نام سے ٹورز کا بھی آغاز ہونے جا رہا ہے۔ اس پروگرام سے جہاں لاہور قصور اور دیگر شہروں میں صوفی ازم کو فروغ ملے گا وہیں سیاح یہاں کے صوفیاء کرام سے بھی متعارف ہوں گے۔

دوسری جانب ایکو ٹوارزم اور ایگری ٹوارزم کے فروغ پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایگری ٹوارزم سے زراعت کے کلچر کو پنپنے کا موقع ملے گا۔ حسان خاور نے کہا کہ سیاحت کو فروغ دینا وزیراعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن ہے اور اس ویژن کو تقویت دینے کیلئے ٹی ڈی سی پی کا کلیدی کردار ہے۔

Leave a reply