ارطغرل غازی کے معروف اداکار انتقال کر گئے

0
56

دنیا بھر میں مقبول و معروف ارطغرل غازی سیریز میں آرتوک بے کا کردار ادا کرنے والے ترک اداکار ایبرک پیکن انتقال کر گئے۔

باغی ٹی وی : سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مرسین انڈسٹریلسٹ اینڈ بزنس مین ایسوسی ایشن (MESIAD) کے بورڈ ممبر نے51 سالہ اداکار کی موت کی افسوسناک خبر کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ میرے پیارے، دوست، میرے بھائی اور ترک سنیما کے ایک تجربہ کار اداکار ایبرک پیکن کو کھو دیا ہے-

انہوں نے اداکار کے لئے دعائے مغفرت بھی کی-

واضح رہے کہ اداکار کینسر کے مرض میں مبتلا تھے انہوں نے اکتوبر میں کمر درد کی شکایت کی تھی جس کے بعد ہسپتال علاج کے دوران معلوم ہوا کہ ٹیومر جگر اور ایڈرینل غدود میں پھیل گیا ہےان کا علاج چل رہا تھا-

پیکن نے سوشل میڈیا پر بتایا تھا کہ پیارے دوستو جس ڈاکٹر کے پاس میں دس دن پہلے کمر درد کی شکایت لے کر گیا تھا اس سے شروع ہونے والا عمل آج اس مقام پر پہنچا ہے۔ مجھے پھیپھڑوں کا کینسر ہے۔ ٹیومر جگر اور ایڈرینل غدود میں بھی پھیل گیا ہے۔ بدقسمتی سے، اس بیماری نے اپنے ابتدائی مراحل میں کوئی علامات ظاہر نہیں کیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ کیموتھراپی کا پہلا دن۔ میرا سب سے بڑا سہارا میرا خاندان ہے۔ تو میرے قریب کے دوست بھی ہیں۔ میں اپنی صحت کو بحال کرنے کی پوری کوشش کروں گا انہوں نے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی تھی-

واضح رہے کہ ترک سنیما اور ٹی وی سیریز کے اداکار ایبرک پیکن 22 مئی 1970 کو مرسین میں پیدا ہوئے انہوں نے اپنا بچپن اور جوانی ادانا اور مرسین میں گزاری۔ مرسین کے اڈانا اور ہائی اسکول میں اپنی ابتدائی اور ثانوی تعلیم مکمل کرنے کے بعد، مرسن یونیورسٹی، فائن آرٹس کی فیکلٹی، شعبہ پرفارمنگ آرٹس، شعبہ تھیٹر سے گریجویشن کیا۔ بعد ازاں انہوں نے استنبول میں اداکاری کا آغاز کیا۔

2010 میں، فیچر فلم ہیئر، جس میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا، کو قومی اور بین الاقوامی فلمی فیسٹولز میں ایوارڈز ملے انہیں 23 ویں انقرہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم Aşk ve Devrim میں ان کی اداکاری کے لیے بہترین معاون اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس اگست میں شہرۂ آفاق تُرک سیریز ارطغرل غازی کے مرکزی کردار ’ارطغرل‘ کے ماموں کا کردار ادا کرنے والے اداکار حسین اوزے 62 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے –

Leave a reply