پاکستان کا ہر شہری عاشقِ رسول ﷺ ہے: وزیراعظم عمران خان

0
32

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا ہر شہری عاشقِ رسول ﷺ ہے، عشقِ رسول کا سب سے بڑا ثبوت نبی ﷺکی سیرت پر عمل کرنا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت رحمتہ اللعالمین اتھارٹی کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں اتھارٹی کے قیام پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اس وقت وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اتھارٹی کیلئے جامع میڈیا پلان آئندہ ہفتے پیش کر دیا جائے گا، جدید طریقہ کار سے نوجوانوں اور بچوں کی سیرتِ طیبہ ﷺ کی روشنی میں کردار سازی پر توجہ مرکوز کی جائے گی، بین الاقوامی سطح پر سیرت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے اور اسلاموفوبیا کا سدِ باب کرنے کیلئے سفارتخانوں کو آن بورڈ لیا جائے گا،

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ یونیورسٹیز اور سکولز کے نصاب میں بھی سیرتِ طیبہ کی روشنی میں اخلاقیات کی تدریس شامل کی جائے گی، اسلام اور سائنس میں ہم آہنگی کو اجاگر کرنے کیلئے تحقیق اور اقدامات بھی اتھارٹی کے مقاصد میں شامل ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریاستِ مدینہ اصول پسندی اور اخلاقیات کا عملی نمونہ تھی، میثاقِ مدینہ انسانی حقوق کا محافظ تھا، اسلامی معاشرہ اپنے دور کا سب سے جدت پسند معاشرہ تھا، صوفیاء کرام نے سیرت کی روشنی میں مقامی لوگوں کو ان کی زبان میں دین کی تعلیمات فراہم کیں۔

عمران خان نے کہا کہ مذہبی تہواروں کو کردار سازی کا ذریعہ بنانے پر زور دیا جائے گا، جامعات میں تحقیق اور غورو فکر سے سیرت کے اہم پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا، پاکستان کا ہر شہری عاشقِ رسول ﷺ ہے، عشقِ رسول کا سب سے بڑا ثبوت نبی ﷺکی سیرت پر عمل کرنا ہے۔

Leave a reply