جدہ ائیرپورٹ پر غیرمعمولی رش:پی آئی اے کی تمام پروازیں حج ٹرمینل منتقل

0
28

سعودی عرب کے جدہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر گزشتہ کئی روز سے غیر معمولی رش سے بچنے کیلئے سعودی حکام نے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کی تمام فلائٹس کو حج ٹرمینل پر منتقل کردیا ہے۔اس سہولت سے آئندہ چند دنوں میں صورت حال نارمل ہونے کی امید کی جارہی ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق کی جاری کوششیں کامیاب ہوئی ہیں۔

وفاقی وزیر ہوابازی کی خصوصی ہدایات و رہنمائی پر پی ائی اے کی جدہ انتظامیہ کے جدہ ائیرپورٹ حکام سے مذاکرات ہوئے جن کی روشنی میں سعودی حکام نے پی آئی اے کی پروازوں کو شمالی ٹرمینل کے بجائے حج ٹرمینل منتقل کردیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ حج ٹرمینل وسیع ہے اور اس طرح کا رش باآسانی ہینڈل کرسکتا ہے۔ آج اتوار کو بھی تمام ائیرلائنز کی پروازیں اوسط 4 سے 5 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں جس کی وجہ سے مسافروں کو بہت دشواری ہوئی۔ سیکڑوں مسافروں نے ائیرپورٹ کے دروازے بند ہونے کی وجہ سے رات باہر انتظار گاہ میں گزاری۔

سی ای او، پی آئی اے آپریش کی ذاتی طور پر نگرانی کررہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق وزیر ہوابازی نے سی ای او پی آئی اے کو تمام مسافروں کو حتی الامکان آسانی مہیا کرنے کی ہدایات کی ہے۔

پی آئی اے انتظامیہ نے تمام ایجنٹس اور کال سینٹرز کے ذریعے مسافروں کو ٹرمینل منتقلی کی اطلاع فراہم کرنے کا کام شروع کردیا ہے۔

ترجمان کے مطابق تمام مسافر جن کی واپسی کی پروازیں آج رات شیڈول ہیں ،ان سے درخواست ہے کہ وہ اب حج ٹرمینل پر تشریف لائیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق وہ مسافر جو شمالی ٹرمینل پر آچکے ہیں ان کو پی آئی اے انتظامیہ خصوصی بسوں کے ذریعے حج ٹرمینل منتقل کرے گی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق تمام مسافروں سے التماس ہے کی اپنی پروازوں سے متعلق معلومات پرواز سے قبل اپنے ایجنٹس، پی آئی اے کے جدہ میں دفاتر یا کال سینٹر سے حاصل کریں۔

Leave a reply