فیکٹری میں آتشزدگی،وزیراعلیٰ نے کی رپورٹ طلب اور دیں اہم ہدایات
فیکٹری میں آتشزدگی،وزیراعلیٰ نے کی رپورٹ طلب اور دیں اہم ہدایات
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار،صوبائی وزیر توانائی اختر ملک، صوبائی وزیر ماحولیات محمد رضوان،صوبائی وزیر انسانی حقوق محبوب عالم کا امامیہ کالونی کے قریب فیکٹری میں آتشزدگی کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے.
وزیراعلیٰ پنجاب نے کمشنر لاہور ڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی۔ اورزخمی افراد کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی،
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ فیکٹری میں آتشزدگی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔واقعہ کی ہرپہلو سے تحقیقات کر کے غفلت کے ذمہ داروں کاتعین کیاجائے اور کارروائی عمل میں لائی جائے۔
صوبائی وزیر توانائی محمد رضوان کا کہنا تھا کہ فیکٹریوں کارخانہ وغیرہ میں کام کرنے والے ملازمین کی جان کی حفاظت کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا۔ تمام صوبائی وزراء نے فیکٹری میں آتشزدگی میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس،لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ھے۔
پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے نواحی علاقے فیروزوالا میں کالا خطائی روڈ پر نجی فیکٹری میں سلنڈر دھماکا ہوا جس سے بڑے پیمانے پر آگ لگ گئی، فیکٹری میں 11 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
پیر اور منگل کی درمیانی شب سلنڈر دھماکے کے بعد سپرے اور پرفیوم کی فیکٹری میں آگ لگ گئی۔ فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں۔ آگ نے پوری فیکٹری کو لپیٹ میں لے لیا، دھماکے سے فیکٹری زمین بوس ہوگئی۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونیوالے مزدوروں میں ایک خاتون اور بچہ بھی شامل ہیں، فیکٹری سے ملحقہ گھروں کو خالی کرا لیا گیا۔ ایک ملحقہ مکان کی چھت بھی گر گئی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کاروائیاں شروع کر دیں.
جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، فیکٹری میں کولنگ کا عمل تاحال شروع نہ ہو سکا،زخمیوں کو میو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے.