فیاض الحسن چوہان نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا حکومت کے مستعفی ہونے پر اپنے خیالات کا اظہار
وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی جانب سے موجودہ حکومت کے مستعفی ہونے اور نئے انتخابات کے مطالبےر پر اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر 2008 سے 2013 تک ملکی سیاسی و حکومتی معاملات کو بدنام کرنے والے اعلیٰ و ارفع ڈاکوؤں کا ٹولا اور 2013 سے 2018 تک لٹیروں اور وائٹ کالر کریمینلز کا گینگ جسے آۓ روز انٹرنیشنل میڈیا، جرائد اور بین الاقوامی ادارے چور، ڈاکوؤں کے خطابات سے نوازتے رہے.
حکومت کر سکتا ہے تو دنیا کے کونے کونے میں پاکستان کی پہچان بننے والے اور پاکستان کے سافٹ امیج کو ابھارنے والے وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریکِ انصاف بھی اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز شریف کی آئندہ انتخابات کی خواہش اسی صورت میں پوری ہو سکتی ہے اگر انتخابات نیب حوالات میں ہوں، شہباز شریف وزارتِ عظمیٰ اور حمزہ شہباز وزارتِ اعلیٰ کے امیدوار ہوں۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر براۓ اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے الحمراء میں بیت المال پنجاب کے زیرِ انتظام لاہور کی اخبار فروش تنظیموں کے نمائندگان میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین بیت المال پنجاب ملک اعظم بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ انڈین میڈیا گزشتہ تین ماہ سے کرونا وائرس کے پاکستانی معیشت کو ڈبونے کے حوالے سے پراپیگنڈہ میں مصروف تھا، لیکن وزیرِ اعظم عمران خان، جنرل قمر جاوید باجوہ، سول و عسکری اداروں، ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل اسٹاف، پولیس اور عوام نے کرونا کے خلاف منظم جدوجہد کے ذریعے اس منفی پراپیگنڈے کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے آغاز سے لے کر اب تک وزیرِ اعظم عمران خان نے احتیاطی، امدادی اور بحالی کے حوالے سے نہایت جامع اور موثر پالیسیز پیش کی ہیں۔
پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف پیکج، احساس ایمرجنسی کیش پروگرام، کو ایک فیصد سیاسی مداخلت، اقربا پروری اور دیگر وابستگیوں سے پاک رکھا گیا۔ فیاض الحسن چوہان نے احساس پروگرام میں سیاسی و پارٹی وابستگیوں سے بالاتر ہونے کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت سب سے زیادہ رقوم سندھ میں تقسیم کیں۔ وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ کرونا نے خود کو خادمِ اعلیٰ کہلوانے والے شہباز شریف کو بزدل اعلیٰ ثابت کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لندن سے کرونا سے بچ کر پاکستان آنے والے پاکستان کے قائد حزبِ اختلاف، جو ہر سال کروڑوں روپے کی سرکاری مراعات استعمال کرتے ہیں، ابھی تک کسی بھی تحصیل، ضلع، گاؤں یا شہر میں نہیں گئے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز شریف کی کرونا محاذ پر کم ہمتی اور ضعفِ ارادہ دیکھ کر ان کے کارکنان اب عوام سے نظریں چراتے پھرتے ہیں۔
وزیرِ اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف نے اپنے ذاتی ملازمین کو وزیرِ اعلٰی سیکریٹریٹ میں گریڈ بیس کے عہدے دیکر اور انکے ذریعے اربوں کھربوں کی منی لانڈرنگ کر کے ملک میں کرپشن کی نئی جہتیں متعارف کرائی ہیں۔ کسی زمانے میں سکولوں میں پی ٹی ماسٹرز ہوا کرتے تھے، آج شریف اور زرداری خاندان کی صورت میں ٹی ٹی ماسٹرز ہیں۔