فواد چوہدری نے قمری کیلنڈر کے مطابق 29 روزے اور 5 جون کو عیدالفطر کا دعویٰ کر دیا

وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے عیدالفطر 5 جون بدھ کے دن ہونے کا دعویٰ کیا اور کہا ہے کہ قمری کیلنڈر کے مطابق یکم شوال کا چاند 4 جون کو نظر آ جائے گا۔
باغی ٹی وی کے مطابق فواد چوہدری نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے قمری کیلنڈر تیار کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا ہے.
انہوں نے کہاکہ اگر پرانی دوربین سے چاند دیکھنا حلال اور نئی دوربین سے دیکھنا حرام سمجھا جائے تو اس طریقے سے تو پاکستان میں کسی طور ایک عید نہیں ہو سکتی۔ قمری کیلنڈر پر سوشل میڈیا پر بہت پذیرائی مل رہی ہے. یہ کیلنڈر اسی ہفتے کابینہ اور اسلامی نظریاتی کونسل کے پاس منظوری کے لئے بھیجا جائے گا.
فواد چوہدری نے کہاکہ اس سال قمری کیلنڈر کے مطابق 29 روزے ہوںگے اور یکم شوال کا چاند 4 جون کو نظر آجائے گا.
یاد رہے کہ علماکرام کی کثیر تعداد نے قمری کیلنڈر قبل از وقت تیار کرنے کی مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ اسلامی طریقہ چاند دیکھ کر شہادتوں کی بنیاد پر عید الفطراور قمری مہینہ کے آغاز کا فیصلہ کرنا ہے.