فضائلِ اہل بیت تحریر : واجد خان

0
52

جس طرح حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تمام کائنات میں سب سے افضل و اعلیٰ ہیں ، اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے مقدس گھرانے کے افراد کا مرتبہ بھی کائنات سے بڑھ کر ہے ، قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ،
” اے ( نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ) گھر والو ! اللّٰہ تعالٰی یہی چاہتا ہے کہ تم سے ( ہر طرح کی ) آلودگی دور کر دے اور تم کو خوب پاک صاف کر دے ۔
( سورتہ الاحزاب آیت نمبر 33)
اس آیت مبارکہ کی تفسیر لکھتے ہوئے مفسرین کرام فرماتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے اہل بیت سے مراد بالخصوص آپ کی ازواجِ مطہرات، حضرت علی المرتضیٰ، حضرت فاطمتہ الزہرا، حضرت امام حسن اور حضرت امام حسین اور آپ تمام کی اولاد مراد ہے ، ان میں سے کسی کو بھی خارج نہیں کیا جاسکتا، ورنہ اہل بیت کا مفہوم پورا نہیں ہو گا ۔۔۔
یہ وہ اہل بیت ہیں جن کی محبت میں جینا عبادت اور مرنا شہادت ہے ، جن کا احترام، تعظیم و تکریم اور محبت شعائر ایمان ہے ۔
جن کی عزت و شان یہ ہے کہ تمام مسلمان ہر نماز میں ان پر درود و سلام کا نذرانہ بھیجتے ہیں۔
جب حضور صلی اللہ علیہ وسلم اس بزم عالم میں تشریف لائے اور آپ نے اپنی امت کو توحید باری تعالیٰ ، اپنی نبوت و رسالت ، جنت و دوزخ ، حساب و کتاب اور عذاب وثواب کے علاؤہ ان کو دعوت اسلام دی ، پتھر کے پجاریوں کو ایک خدا کا پرستار بنایا ، کفروشرک کے سمندر میں ڈوبنے والوں کو ایمان کی دولت عطا کر کے کنارے لگایا تو اللّٰہ کی طرف سے حکم ہوا ،
"اے محبوب ! آپ ان سے فرما دیجئے کہ اس دعوت دین اور اس کی تبلیغ واشاعت اور تم کو دولتِ ایمان عطا کرنے کے صلے میں تم سے کوئی مال و دولت طلب نہیں کرتا البتہ میں تمہیں کلمہ طیبہ پڑھانے کا صلہ تم لوگوں سے یہ مانگتا ہوں کہ میرے اہل
بیت اور قرابت داروں سے محبت کرو "۔
( سورتہ الشوریٰ : آیت نمبر 23 )
اس آیت مقدسہ میں اللّٰہ تعالٰی نے اپنے پیارے محبوب سے یہ اعلان کروا دیا کہ میرے محبوب کے قرابت داروں سے محبت کرو ، پتہ چلا کہ جس نے اہل بیت اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے قرابت داروں سے محبت نہ کی اس نے اپنے نبی کا حق ادا نہیں کیا ہے ۔۔۔
حضرت عبداللہ بن عباس فرماتے ہیں کہ جب یہ آیت کریمہ نازل ہوئی تو صحابہ کرام نے بارگاہ رسالت مآب میں عرض کی : یا رسول اللہ ! وہ آپ کے قریبی کون لوگ ہیں جن سے محبت کرنا ہم پہ واجب ہے "؟
حضور پاک نے ارشاد فرمایا، ” علی، فاطمہ اور ان کے دونوں بیٹے یعنی حسن و حسین علیہم السلام ہیں ۔۔۔
اللّٰہ پاک نے قرآن پاک کی ایک اور آیت میں اسی چیز کی طرف اشارہ کیا ہے ، ارشاد ہوتا ہے : ؛ بے شک تمہارا حاکم اللّٰہ ہے ؛ رسول محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہے اور وہ لوگ جو ایمان لائے، نماز قائم کرتے ہیں اور رکوع کی حالت میں زکوٰۃ دیتے ہیں ۔”
تمام مسلمان اس بات کو مانتے ہیں کہ یہ آیت حضرت علی کی شان میں نازل ہوئی ہے جنہوں نے نماز کی حالت میں ایک سائل کو انگوٹھی عطا فرمائی تھی ۔
حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ،
” میں علم کا شہر ہوں اور علی اس کا دروازہ ہیں ” ۔
حضرت فاطمتہ الزہرا حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی سب سے چھوٹی صاحب زادی تھیں، رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو ان سے بے حد محبت تھی، جن کے بارے میں حضور کا ارشاد ہے، ” فاطمہ میرے جگر کا ٹکڑا ہے”۔
حضرت فاطمہ جب آپ کی خدمت میں تشریف لاتیں تو آپ کھڑے ہو جاتے، ان کی پیشانی چومتے اور اپنی نشست گاہ سے ہٹ کر اپنی جگہ پر بٹھاتے ۔ جب کبھی سفر فرماتے تو سب سے آخر میں حضرت فاطمہ کے پاس جاتے اور سفر سے واپس آتے تو جو شخص سب سے پہلے خدمت میں حاضر ہوتا ، وہ
بھی حضرت فاطمہ ہی ہوتیں، آپ کی فضیلت کا اندازہ اس بات ہی لگایا جا سکتا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے، ” فاطمہ جنت کی عورتوں کی سردار ہوں گی "۔۔
حضور صلی اللہ علیہ وسلم دونوں جہاں کے سردار ہیں آپ نے حسنین کریمین کو جنت کے نوجوانوں کا سردار قرار دیا ہے ، حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، ” بے شک حسن و حسین دنیا میں میرے دو پھول ہیں ”
حسنین و کریمین سے بغض رکھنا حضور سے بغض رکھنے کے مترادف ہے ۔ حضرت سلمان فارسی بیان فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا،
” حسن و حسین دونوں میرے بیٹے ہیں اور جس نے ان دونوں کو محبوب رکھا اس نے اللّٰہ تعالٰی کو محبوب رکھا اور جس نے ان دونوں کے ساتھ بعض و کینہ رکھا اس نے اللّٰہ سے بغض رکھا ، اللّٰہ تعالٰی نے اس کو جہنم میں داخل فرمایا "۔۔۔۔
حضرت امام حسن و حسین دونوں حضور نبی کریم کے ساتھ باطنی مشابہت کے آئینہ دار تھے ۔ اس امر کی اس سے بڑی دلیل کیا ہو سکتی ہے ، حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا،
حسین مجھ سے ہے اور میں حسین سے ہوں، جو حسین کو محبوب رکھتا ہے اللّٰہ تعالٰی بھی اس کو محبوب رکھتا ہے۔”
اہل بیت کی محبت دنیا و آخرت دونوں میں بھلائی کا ذریعہ ہے ، اللّٰہ ہمیں اہل بیت سے محبت کرنے اور صراط مستقیم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔۔۔۔
( آمین )
‎@Waji_12

Leave a reply