طورخم سرحد پر ایف سی اور ایف آئی اے اہلکار وں کے درمیان تلخ کلامی
طورخم سرحد پر ایف سی اور ایف آئی اے کے اہلکار وں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد لڑائی ہوگئی۔
باغی ٹی وی: سرکاری ذرائع کے مطابق ایف سی اور ایف آئی اے کے اہلکار وں کی آپس کی لڑائی میں کچھ اہلکار زخمی بھی ہوئے دونوں اداروں کے درمیان تلخ کلامی رش کم کرنےکے معاملے پر ہوئی تھی،زخمیوں میں ایف آئی اے کے 13 اہلکار شامل ہیں ایف آئی اے کے متعدد زخمی اہلکاروں کو لنڈی کوتل اسپتال منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی گئی۔
ایف آئی اے امیگریشن عملہ نے احتجاجا دفاتر بند کردئیے جس کے باعث نادرا پوائنٹ پر سرحدی گزرگاہ کو پیدل آمد و رفت کےلیے بند کردیا گیا جس کے نتیجے میں افغانستان جانے والے سیکڑوں افراد پھنس گئے،ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ سرکاری ادارے ایف سی کے اہلکار کئی روز سے مسلسل امیگریشن اختیارات میں مداخلت کررہے تھے، ایف آئی حکام نے مداخلت سے منع کیا لیکن ایف سی کے باز نہ آنے پر لڑائی ہوئی، حکام کے مطابق امیگریشن سیکشن میں ایف سی عملہ کی مسلسل مداخلت اختیارات سے تجاوز ہے۔
دوسری جانب فرنٹیئر کور کا کہنا ہے کہ طورخم زیرو پوائنٹ پر سفری دستاویزات چیک کرنا اور سرحد کی سیکورٹی ایف سی اہلکاروں کا اختیار ہے، سیکیورٹی اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے ایف سی اہلکار مسافروں پر کڑی نظر رکھتے ہیں، دونوں اداروں کے حکام نے واقعےکا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر معاملہ حل کر دیا ہے اور طورخم سرحدی گزرگاہ 4 گھنٹے بعد پیدل آمدورفت کے لیےکھول دی گئی ہے۔