میرپورخاص،باغی ٹی وی نامہ نگار (سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ)میرپورخاص ڈویژن میں زرعی منصوبوں کے آغاز کرنے کے لیے فزیبلٹی رپورٹ دو دن کے اندر فراہم کی جائے . کمشنر فیصل احمد عقیلی
تفصیل کے مطابق کمشنر میرپورخاص ڈویژن فیصل احمد عقیلی نے کہا ہے میرپورخاص پہلے سے ہی زرعی اعتبار سے زرخیز علاقہ ہے اس لئے زراعت کو مزید فروغ دینے کے لئے حکومت سندھ اور ضلعی انتظامیہ میرپورخاص کی جانب سے مختلف زرعی منصوبوں پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ نہ صرف یہاں کے کاشتکاروں کو فائدہ پہنچ سکے بلکہ وہ اپنا روزگار شروع کر کے زرعی اجناس کو بیرون ممالک درآمد کر سکیں .
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر کمیٹی ہال میں میرپورخاص میں آموں کی اقسام کو محفوظ بنانے کے لئے مینگو پلپنگ یونٹ لگانے ، کھارے پانی سے کپاس کی کاشت کرکے نئی اقسام متعارف کروانے ، اونٹوں کے دودھ کو محفوظ کر کے خشک بنا کر روزگار کرنے ، گوار اور کجھور کی پیداوار حاصل کرنے ، کنولا اور کنری کی مرچ منڈی کو فعال بنانے کے لئے اقدامات کرنے کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا .
اجلاس میں برگیڈیئر چھور کینٹ ، ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود ، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی ، ایڈیشنل کمشنر ون عمرکوٹ سہیل احمد سومرو ، ڈائریکٹر جنرل پاکستان ریسرچ کونسل ذاکر حسین ڈاہری ، ڈائریکٹر اینیمل ہسبینڈری حزب اللہ بھٹو ، ڈپٹی ڈائریکٹرز لائیو اسٹاک ، محکمہ جنگلات کے افسران ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر ریسرچ ولی محمد بلوچ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔
کمشنر فیصل احمد عقیلی نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں ، محکمہ زراعت اور محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایت کی کہ ڈویژن بھر میں زرعی منصوبوں کے آغاز کے لیے زرعی اور جنگلات کی زمین کی تفصیلات دو دن کے اندر فراہم کی جائیں تاکہ ایک جامع رپورٹ مرتب کی جائے اور جلد زرعی منصوبوں پر کام کا آغاز ہو سکے .