وفاقی وزیر تعلیم 5 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین سعودی عرب کے پانچ روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔
وفاقی وزیر تعلیم سعودی ہم منصب ڈاکٹر حماد الشیخ کی دعوت پر تعلیم و نمائش کی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔وفاقی وزیر رانا تنویر سعودی ہم منصب سے تعلیمی امور سے متعلق دو طرفہ تعاون پر تفصیلی بات چیت کرینگے اور گورنر ٹی ویٹ کارپوریشن سے بھی ملاقات کرینگے۔
ملاقات میں ٹیکنیکل ایجوکیشن سمیت اسکلز سے متعلقہ امور پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔اسکے علاوہ وفاقی وزیر تعلیم سعودی عرب میں موجود پاکستانی اسکولز اور حسین امام سعود بن اسلامک یونیورسٹی کا دورہ بھی کرینگے۔
وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی ورلڈ بینک کے گلوبل ایجوکیشن ڈائریکٹر جائم ساویدرا سے سائیڈ لایئنز پر ملاقات متوقع ہے۔
ادھر سعودی عرب نے اپنے مقامی شہریوں کو روزگار دینے کےلئے ، سیکرٹریز، ٹرانسلیشن ، اسٹاک کیپنگ اورڈیٹا فیڈنگ کے شعبوں میں غیرملکیوں کو نوکریاں دینے پر پابندی لگادی ۔
سعودی عرب میں بعض پیشوں کو مقامی شہریوں تک محدود کرنے کے حوالے سے انسانی وسائل کی وزارت کا فیصلہ کل 8 مئی 2022ء سے نافذ العمل ہو گا۔ ان پیشوں میں سکریٹری شپ، ٹرانسلیشن، اسٹاک کیپنگ اور ڈیٹا فیڈنگ شامل ہے۔
نجی سیکٹر میں مذکورہ پیشوں کو سعودی شہریوں تک محدود کرنے کا فیصلہ گذشتہ برس اکتوبر میں جاری کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں ٹرانسلیشن اور اسٹاک کیپنگ کے پیشوں میں کم از کم تنخواہ 5 ہزار ریال مقرر کی گئی تھی۔
اس فیصلے پر عمل درامد سے سعودی مرد اور خواتین شہریوں کو 20 ہزار ملازمتیں فراہم ہوں گی۔