ایف آئی اے کی شہباز شریف اور حمزہ کیخلاف منی لانڈرنگ کیس واپس لینےکی تردید

0
37

لاہور:وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس واپس لیے جانے کی تردید کی ہے ۔

ترجمان ایف آئی اےکا کہنا ہےکہ لاہور میں ایک سیاسی جماعت کے رہنماؤں کے خلاف کیس واپس نہیں لیا گیا، اس حوالے سے جعلی خبریں گردش کر رہی ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق عدالت میں کارروائی جاری ہے،سماعت کی اگلی تاریخ 14مئی ہے، جعلی خبرپھیلانے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہےکہ 11 اپریل کوکیس پراسیکیوٹر نے پراسیکیوٹر کی تبدیلی کی درخواست جمع کرائی تھی، درخواست جمع ہوتے وقت نئے وزیراعظم نے حلف نہیں اٹھایا تھا، رائےطاہر کو 22 اپریل کو ڈی جی ایف آئی اے تعینات کیا گیا، یہ معاملہ رائے طاہر کے ایف آئی اے میں آنے سے پہلے کے وقت سے متعلق ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق پراسیکیوٹر کی تبدیلی معمول کی بات ہے، پچھلی حکومت کے دور میں بھی اسی کیس میں کئی بارپراسیکیوٹر تبدیل کیے گئے تھے۔

خیال رہے کہ 11 اپریل کی سماعت کے حکم نامے میں اسپیشل جج سینٹرل اعجاز حسن اعوان نے پی ٹی آئی حکومت کے مقرر کردہ ایف آئی اے کے وکیل سکندر ذوالقرنین کی درخواست ریکارڈ کا حصہ بنائی تھی ، سکندر ذوالفقار نے کہا تھا کہ ملزمان شہباز شریف پاکستان کے وزیراعظم اور حمزہ شہباز پنجاب کے وزیر اعلیٰ بننے جارہے ہیں، متعلقہ حکام اب ملزمان کے خلاف کیس چلانے میں دلچسپی نہیں رکھتے ۔

Leave a reply