بھارت: فلم بنانے کے لیے بکریاں چرانے والے دو بھائی گرفتار

تامل ناڈو:بھارت میں دو بھائیوں کو فلم بنانے کے لیے بکریاں چرانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

باغی ٹی وی : ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی جنوبی ریاست تامل ناڈو میں دو بھائیوں کو بکریاں چرانے کے الزام میں گرفتار کیا گیاہے۔ ان دونوں بھائیوں کے والد فلم بنانا چاہ رہے تھے جس میں انہوں اپنے ان ہی دوبیٹوں کو مرکزی کردار میں لیا تھا۔ تاہم پیسے نہ ہونے کی وجہ سے دونوں بھائیوں نے اپنے والد کی مالی مدد کرنے کے لیے بکریاں چرانی شروع کردیں۔

30 سالہ نرنجن کمار اور 32 سالہ لینن کمار گزشتہ 3 برسوں سے بکریاں چرارہے تھے۔ دونوں نے ایک دن میں 8 سے 10 بکریاں چرائیں اور ہر ایک کو تقریباً 8000 روپے میں فروخت کیا۔ نرنجن اور لینن ویران اور دیہی علاقوں میں پھرتے تھے تاکہ سڑک کے کنارے چرنے والے جانوروں کو تلاش کرسکیں۔ اور جب کوئی آس پاس نہیں ہوتا تھا تو ایک یا دو بکریاں چرا لیتے تھے۔

انہوں نے اس طریقہ واردات سے مختلف مقامات پر کئی کارروائیاں کیں، وہ ہمیشہ خیال رکھتے تھے کہ ایک یا دو سے زیادہ بکریاں نہ چرائیں۔ جس کے نتیجے میں یہ ہوا کہ کسی نے بھی بکریاں چوری ہونے کی شکایت نہیں کی۔ تاہم 9 اکتوبر کو انہوں نے مادھورام میں ایک شخص کی بکری چرائی جس کے ریوڑ میں 6 بکریاں تھیں لہذا ایک بکری کم ہونے پر بکریوں کے مالک کو بکری گم ہونے کی خبر ہوگئی جس پر اس نے شکایت درج کروائی۔

بعد ازاں پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی جس کے مطابق چور کار میں آئے اور بکری چرالی۔ کار پر کوئی رجسٹریشن نمبر نہیں تھا۔ تفتیش کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ اس علاقے میں روزانہ کی بنیاد پر ایک یا دو بکریاں غائب ہورہی تھیں۔ لہذا پولیس نے اس علاقے میں سادہ کپڑوں میں اہلکار تعنیات کیے اور ان دونوں کو اس وقت گرفتار کرلیا جب دونوں سڑک کے کنارے سے بکری چرانے کی کوشش کررہے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان دونوں کے والد وجے شنکر فلم بنارہے ہیں جس کا نام ’نی تھان راجا‘ ہے اور اس فلم میں انہوں نے اپنے ہی دونوں بیٹوں کو مرکزی کردار میں کاسٹ کیا تھا تاہم پیسوں کی کمی کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ درمیان سے ہی رک گئی جس کی وجہ سے بیٹوں نے اپنے والد کی مالی مدد کرنے کا فیصلہ کیا اور بکریاں چرائیں-

Comments are closed.