فوج کے خلاف بیان عمران خان کے کہنے پر دیا،شہباز گل کا اعتراف
تحریک انصاف کے چیئرمین ، سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کو گرفتار کر لیا گیا ہے دوران تفتیش شہباز گل نے انکشاف کیا کہ فوج کے خلاف بیان پارٹی سربراہ عمران خان کے کہنے پر دیا.
سابق وزیر اعظم عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل نے پولیس تفتیش میں اہم انکشافات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فوج میں بغاوت کے حوالے سے بیان پارٹی سربراہ یعنی عمران خان نے دینے کو کہا تھا۔
سینئر صحافی و اینکرپرسن طلعت حسین نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ شہباز گل نے تفتیشی افسران کو بتایا ہے کہ مجھے پارٹی سربراہ نے کہا تھا کہ آپ نےیہ بیان دینا ہے۔
شہباز گل نے دوران تفتیش مزید بتایا کہ مجھے کہا گیا تھا کہ آپ اپنا بیان مکمل کرنا آپ کو چینل کی طرف سے کوئی نہیں روکے گا۔
وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ افواج پاکستان سرحدوں کی حفاظت کی ضامن ہے اور ہمارا فخر ہے، فوج کے خلاف پراپیگنڈا ملک دشمن ہی کر سکتا ہے،جو کوئی بھی فوج کے خلاف بات کرتا ہے اس کو ڈکلیئر کیا جائے کہ وہ پاکستان اور دین اسلام کا دشمن ہے،کسی بھی شکل میں افواج پاکستان کے خلاف بات نہیں کر سکتے.
چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ ن لیگ والے غلط اور بے بنیاد پراپیگنڈا کر رہے ہیں،عمران خان، تحریک انصاف ،ہم افواج پاکستان کے ساتھ ہیں،کسی کو بھی فوج کا نام بد نام کرکے سیاسی مقاصد حاصل کرنے نہیں دیں گے،ن لیگ کے میڈیا سیل سے جھوٹا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے.
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ترجمان حافظ حمداللّٰہ نے کہا ہے کہ نجی ٹی وی پر شہباز گل کے بیان سے واضح ہوا کہ وہ فوج کو ادارے کے سربراہ کے خلاف بغاوت پر اُکسا رہے ہیں۔ حافظ حمداللّٰہ نے کہا کہ یہ شہباز گل کا ذاتی بیان نہیں بلکہ عمران نیازی اور پی ٹی آئی کا بیانیہ ہے۔
ایک بیان میں حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ عمران خان نے ہاتھ سے اقتدار جانے کے بعد ہمیشہ اداروں کی نیوٹریلٹی کو نشانے پر رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز گل کے بیان کے بعد عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے کسی ذمہ دار نے مذمت تک نہیں کی۔حافظ حمداللّٰہ نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم ملک، آئین اور اداروں کے خلاف ہونے والی ہر قسم کی سازش اور نفرت انگیز بیانیہ کے مقابلے میں کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔
پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ فوج کیخلاف مہم کی کسی سابق چیف جسٹس کی سربراہی میں انکوائری کرائیں پتا چل جائے گا.
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہےکہ اقتدار کی محرومی نے عمران خان کو پاگل کردیا ہے، اداروں پر حملہ یا بغاوت کی ترغیب دینا صریحاً ملک دشمنی ہے۔ایک بیان میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اقتدار نا پائیدار چیز ہے، ہمیشہ کسی کے پاس نہیں رہتا۔
وزیردفاع کا کہنا تھا کہ اختلاف کرناحق ہے، مگراداروں پر حملہ یا بغاوت کی ترغیب دینا صریحاً ملک دشمنی ہے، اقتدار کی محرومی نے عمران خان کو پاگل کردیا ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاک فوج کو ٹارگٹ کرکے عمران اور اس کے حواری ملک دشمن ایجنڈے پرکام کر رہےہیں۔
اس سے پہلے شہباز گل کو گرفتار کیا گیا تھ ، شہباز گل کے خلاف اداروں کیخلاف بیان بازی اور عوام کو اداروں کیخلاف اکسانے پر بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا ، پولیس نے شہباز گل کے خلاف تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کر لیا، مقدمہ ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے پر 124 اے سمیت مختلف دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
مقدمے میں دفعہ 505،120،124 اے اور 196 شامل کی گئی ہیں ،درج مقدمے میں شہباز گل پر فوج کے خلاف اکسانے کا الزام عائد گیا گیا ایف آئی آر میں نجی ٹی وی چینل پر کی گئی گفتگو کا بھی ذکر کیا گیا،ایف آئی آر کے متن مین کہا گیا ہے کہ ملزم نےبیان سوچ سمجھ ملکی سالمیت کو نقصان پہچانے کیلئے دیا ملزم ایسا بیان دے کر ملک دشمن ایجنڈے کی تکمیل مجرمانہ سازش کا مرتکب ہوا مقدمہ غلام مرتضیٰ چانڈیو مجسٹریٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا.