انتظار ختم! تاریخ کا مہنگا ترین عالمی فٹبال میلہ قطر میں سج گیا:میزبان ملک قطرپہلے میچ میں ہی ہارگیا

0
35

دوحہ:انتظار کی گھڑیاں ختم! دنیا کی تاریخ کا مہنگا ترین فٹبال ورلڈ کپ کا رنگا رنگ میلہ قطر میں سج گیا ہے۔افتتاحی تقریب البیت اسٹیڈیم میں شروع ہوگئی ہے جس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی شریک ہوئے

ادھرقطر میں شروع ہونے والے فیفا فٹبال ورلڈکپ 2022 کے افتتاحی میچ میں ایکواڈور نے میزبان ملک کو 0-2 سے شکست دے دی۔میگا ایونٹ کا پہلا میچ قطر کے شہر الخور کے البیت اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، 60 ہزار کا گنجائش والا اسٹیڈیم کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔

میچ کے آٹھویں منٹ میں ایکواڈور کی ٹیم گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچانے میں کامیاب رہی مگر ریفری نے فاؤل کے سبب یہ گول مسترد کردیا۔

ایکواڈور کی جانب سے پہلا گول اُن کے تجربہ کار کھلاڑی اور کپتان اینر ویلنسیا نے 16ویں منٹ میں پنالٹی کک پر بنایا، 31 ویں منٹ میں ایکواڈور نے دوسرا گول کردیا جب اینر ویلنسیا نے ہی پریسیاڈو کے کراس پر ہیڈر کے ذریعے گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچادی۔

وقفے تک اسکور دو صفر تھا، دوسرے ہاف میں بھی ایکواڈور کا پلڑا بھاری رہا لیکن قطر کی ٹیم نے بھی نسبتاًٍبہتر کھیل پیش کیا۔اس ہاف میں قطرکو گول کرنے کے دو تین اچھے مواقع بھی ملے مگر وہ ضائع گئے ، دوسری جانب ایکواڈور کی ٹیم اپنے اسکور میں اضافہ نہ کرسکی یوں ورلڈکپ فٹبال کا افتتاحی میچ ایکواڈور کی 0-2 کی فتح پر ختم ہوا۔

یاد رہے کہ قطر میں ہونیوالا ورلڈ کپ فٹبال کی تاریخ کا مہنگا ترین ورلڈ کپ ہے، چھوٹا سا عرب ملک گزشتہ 12 سال میں ورلڈ کپ کی تیاریوں پر تقریباً 300 ارب ڈالرز خرچ کرچکا ہے جس کیلئے 8 نئے اسٹیڈیمز اور جدید ترین نیا میٹرو سسٹم بنایا گیا۔

فٹبال ورلڈ کپ کیلئے قطر میں شاہراہیں تعمیر ہوئیں اور مرکزی ہوائی اڈے کو بھی وسعت دی گئی، 15 لاکھ فینز کے قیام کے لیے 100 نئے ہوٹلز بھی تعمیر کیے گئے۔

فیفا ورلڈ کپ میں 32 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو آٹھ گروپس (اے ٹو ایچ) میں تقسیم کیا گیا ہے ان میں سے صرف دو ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں جائیں گی، اس میگا ایونٹ میں فٹ بال کی دنیا کے بڑے بڑے نام کو ایکشن میں نظر آئیں گے۔

تمام 64 میچ 29 ایام کے دوران کھیلے جائیں گے جو 32 ٹیموں کے حساب سے فٹ بال ورلڈ کپ کی تاریخ کا کم ترین عرصہ ہے۔ شروع کے دو روز چھوڑ کر باقی کے تمام دنوں کے دوران چار میچ کھیلے جائیں گے۔

32 ٹیموں میں سے ہر ایک ٹیم ناک آؤٹ مرحلے سے قبل اپنے گروپ میں تین میچ کھیلے گی۔ ناک آؤٹ مرحلہ سے قبل ہونے والا پری کوارٹر فائنل راؤنڈ تین دسمبر سے شروع ہو گا۔ ٹائٹل کا دفاع کرنے والا فرانس اپنا پہلا میچ 23 نومبر کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا جبکہ پانچ بار ورلڈ چیمپیئن رہنے والا برازیل 25 نومبر کو سربیا کے خلاف میدان میں اترے گا، سیمی فائنل تین دسمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 18 دسمبر کو ہوگا۔

Leave a reply