سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم خان رئیسانی جمیعت علمائے اسلام میں شامل ہو گئے۔اس سلسلے میں گفتگو کرتےہوئے صحافیوں سے غیر رسمی ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے نواب اسلم خان رئیسانی نے کہا کہ وہ 7 دسمبر کو مولانا فضل الرحمان کے دورہ کوئٹہ کے موقع پر جلسے کے دوران باضابطہ طور پر جے یو آئی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔
اسلم رئیسانی نے کہا کہ جب تک سیاسی جماعتیں اپنی سمت کو درست نہیں کرتی حالات بد سے بد تر ہوتے جائیں گے، جمعیت علماء اسلام ایک مضبوط اور منظم سیاسی قوت ہے، اس کے منشور اور کردار کو مد نظر رکھ کر ایک سال قبل ہی اس میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا تھا۔
نواب اسلم رئیسانی نے کہا کہ فوج اور اسٹیبلشمنٹ کو سیاست میں لانے والے سیاستدان ہیں، جو مسائل سیاستدان حل کرسکتے ہیں وہ بیوروکریٹ یا اسٹیبلشمنٹ حل نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مالی بد انتظامی دور کرنے کی اشد ضرورت ہے، ہمیں سرمایہ کاروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ پہلے بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ نواب اسلم رئیسانی کو مولانا فضل الرحمٰن کی طرف سے جے یو آئی میں شمولیت کی دعوت دی گئی تھی ، انہوں نے فضل الرحمن سے ملاقات کر کے جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت کی دعوت قبول کرلی۔
اسلم رئیسانی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں آئندہ حکومت جے یو آئی بنائے گی، اس موقع پر مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ نواب اسلم رئیسانی کی شمولیت سے جے یو آئی مزید مضبوط ہوگی۔