اسرائیلی فوج کی غزہ میں عمارتوں پر وحشیانہ بمباری،درجنوں فلسطینی شہید

عمارت میں 100 سے زائد افراد موجود تھے
hamas

غزہ: اسرائیلی فوج نے منگل کی صبح بیت الہیہ شہر میں بمباری کی جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی شہید ہوگئے۔

باغی ٹی وی: عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے منگل کی صبح ایک بار پھر بیت الہیہ شہر میں قائم رہائشی عمارتوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں اب تک 77 فلسطینیوں کی شہادت کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والوں میں خواتین اور 17 کم عمر بچے بھی شامل ہیں جب کہ متعدد افراد عمارت کے ملبے تلے دبے ہیں جنہیں ریسکیو حکام کی جانب سے نکالنے کی کوشش جاری ہے، عمارت میں 100 سے زائد افراد موجود تھے جن میں کچھ مقامی لوگ تھے جب کہ کچھ لوگوں نے جبالیہ کیمپ سے جبری بے دخلی کے بعد گزشتہ روز ہی عمارت میں پناہ حاصل کی تھی۔

دوسری جانب لبنان میں بھی اسرائیلی حملے جاری ہیں اور گزشتہ رات اسرائیلی فوج نے وادی بیقہ میں فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں 60 افراد شہید اور 58 زخمی ہوگئے۔

ادھر امریکی مرکزی انٹیلی جنس ایجنسی CIA کے ڈائریکٹر بیل بیرنز نے اتوار کے روز اپنے اسرائیلی اور قطری ہم منصب کے ساتھ غزہ اور قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے ایک نئے فارمولے پر بات چیت کی، اس فارمولے کے تحت تجویز پیش کی گئی ہے کہ 28 روز کی مدت کے لیے جنگ بندی عمل میں لائی جائے، اس کے ساتھ حماس تنظیم 8 اسرائیلی قیدیوں کو رہا کرے اور اس کے مقابل اسرائیل درجنوں فلسطینی قیدیوں کو آزاد کرے-

تاہم اس فارمولے میں حماس کا مرکزی مطالبہ شامل نہیں جس پر وہ گذشتہ مہینوں کے دوران قائم ہے وہ مطالبہ غزہ کی پٹی سے اسرائیل کا مکمل انخلا اور جنگ کا خاتمہ ہے۔

ایک اسرائیلی ذمے دار نے واضح کیا ہے کہ اگر فریقین میں سے کسی نے بھی اپنے موقف میں لچک پیدا نہ کی تو کسی بھی معاہدے تک نہیں پہنچا جا سکے گا”۔

جبکہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے کل پیر کے روز زور دیا تھا کہ وہ جنگ کے خاتمے پر نہیں بلکہ صرف جزوی سمجھوتے پر آمادہ ہوں گے۔

Comments are closed.