ٹوٹی دیواریں بچیوں کے لیے فرنیچر نہیں سیکریٹری سکولز ایجوکیشن ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی کی کارکردگی سوالیہ نشان
اہلیان گلیانہ نے سی ایم پنجاب سے سختی سے نوٹس لینے ترجیح بنیادوں پر باونڈری دیواروں کی تعمیر اور فرنیچر فراہمی کا مطالبہ کیا ہے

گوجرخان (قمرشہزاد) گورنمنٹ گرلز ہائی سکول گلیانہ گوجرخان کی طالبات ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی کی عدم توجہی، مبینہ نااہلی اور غفلت کے باعث ترقی کے اس دور میں کلاس روم میں فرنیچر نہ ہونے کی وجہ سے ہر طرح کی موسمی سختیوں کا مقابلہ کرتے ہوئے نیچے فرش پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ محکمہ ایجوکیشن کی بےحسی کی انتہا کہ دور جدید میں سکول ہذا کی ٹوٹی باونڈری دیواریں بچیوں کی فول پروف سکیورٹی اور بےپردگی کا موجب بن کر محکمہ تعلیم کا منہ چڑاتے ہوئے کئی سوالات کو جنم دی رہی ہیں۔ موسم سرما میں ان ابتر حالات میں جہاں طالبات شدید ذہنی اذیت سے دوچار ہیں، وہیں فرنیچر جیسی بنیادی سہولیات کا فقدان اور ٹوٹی دیواریں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی اور سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کی کارکردگی کو چار چاند لگا رہی ہیں۔

دوسری جانب اگر دیکھا جائے تو چیف منسٹر پنجاب مریم نواز شعبہ تعلیم میں اصلاحات لانے اور طلبہ طالبات کو تمام بنیادی سہولیات باہم پہنچانے کے لیے کوشاں ہیں وہیں ڈسٹرکٹ راولپنڈی ایجوکیشن حکام سی ایم پنجاب کے ویژن کو سبوتاز کرنے کے درپے ہیں۔ اس تمام تر صورتحال کا مقامی باسیوں نے وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف سے سختی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری سکولز ایجوکیشن، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی، ضلعی انتظامیہ سے باز پرس کی جائے اور ترجیح بنیادوں پر دیواروں کی تعمیر اور بچیوں کے بیٹھنے کے لیے فرنیچر کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

Shares: